کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے کراچی نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث بدنام زمانہ ایجنٹ سمیت 2ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے مائیگرنٹ اسمگلنگ میں ملوث بدنام زمانہ ایجنٹ یاسر عرفات کو گرفتار کر لیا ۔حکام کے مطابق گرفتار ملزم ایف آئی اے کراچی، لاہور اور فیصل آباد کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھا۔گرفتار ملزم انسانی اسمگلنگ کے منظم گروہ کا سرگرم رکن ہے۔ملزم شہریوں سے بیرون ملک بھجوانے کے نام پر بھاری رقوم بٹورنے میں ملوث ہے۔گرفتار ملزم بھاری رقوم کے عوض جعلی ویزے فراہم کرتا تھا۔ملزم نے متعدد شہریوں کو جعلی دستاویزات پر بیرون ملک بھجوانے کی کوشش کی۔گرفتار ملزم کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔دوسری جانب ایف آئی اے امیگریشن نے وزٹ ویزے کی آڑ میں جنوبی کوریا جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔ایف آئی اے امیگریشن کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر تھائی لینڈ کے وزٹ ویزے پر سفر کرنے والا واجد علی نامی مسافر کے تفصیلی پروفائلنگ کے دوران مشکوک ٹکٹنگ پیٹرن اور کیش ادائیگیوں سے منظم انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کا انکشاف ہوا۔حکام کے مطابق ایجنٹ بشیر، مشیر، وسیم اور ذاکر پر مشتمل نیٹ ورک بھی بے نقاب ہو گیا۔مسافر واجد علی کو گزشتہ روز بھی ناکافی فنڈز اور غیر تسلی بخش وجوہات پر آف لوڈ کیا جا چکا تھا۔دوسری کوشش میں موبائل فون سے ایجنٹس کے ساتھ رابطے اور جنوبی کوریا روانگی سے متعلق چیٹس برآمد ہوئیں۔سامان کی تلاشی کے دوران جنوبی کوریا کا مشکوک ویزا بھی برآمد ہوا۔