کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے حق پرست اراکینِ سندھ اسمبلی نے کہا کہ سڑکوں کی بندش، ناقص ٹریفک مینجمنٹ اور بے ہنگم تجاوزات نے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کو جام کر دیا ہے، جس کے اثرات روزگار سے لے کر تعلیم اور صحت سمیت ہر شعبے میں محسوس کئے جارہے ہیں۔ متحدہ کے مرکز بہادر آباد سے جاری بیان میں حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے کہا کہ کراچی میں روزانہ ہورہا ٹریفک جام اب وقتی خلل نہیں! بلکہ ایک منظم شہری بحران ہے۔ اراکین صوبائی اسمبلی نے اسے شہری زندگی پر براہِ راست حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کی مرکزی شاہراؤں، صنعتی علاقوں، تعلیمی اداروں اور اسپتالوں کے اطراف روزانہ گھنٹوں طویل ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔