یاسین ملک کو سزائے موت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر، نتائج تباہ کن ہونگے، حریت کانفرنس

May 30, 2023

نئی دہلی،اسلام آباد (اے پی پی،نمائندہ جنگ) دہلی ہائی کورٹ نے ایک جھوٹے مقدمے میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کو سزائے موت دینے کی این آئی اے کی درخواست سماعت کے لئے منظورکرتے ہوئے 09اگست کو اس کی سماعت مقرر کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یاسین ملک کو جو اس وقت نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں، عدالت نے نوٹس جاری کردیاہے۔ دہلی ہائی کورٹ نے کشمیری رہنماکو سزائے موت دینے کی این آئی اے کی درخواست پر نوٹس جاری کیا ہے۔یاسین ملک این آئی اے کی اس درخواست کا جواب دیں گے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ ایکʼʼنایاب ترین کیسʼʼہے۔ ہائی کورٹ نے سزائے موت پر لاء کمیشن کی سفارشات بھی طلب کر لی ہیں۔ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مودی حکومت یاسین ملک کوقتل کرنے کے درپے ہے جس کے نتائج تباہ کن ہونگے،قائدین نے الزام لگایا ہے کہ بھارتی عدالتیں ہندوتوا عناصر کے زیر اثر کام کر رہی ہیں اور کشمیریوں کو ان کے پیدائشی حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر سزائیں دے رہی ہیں۔ بھارت کی کینگرو عدالتوں نے ہمیشہ کشمیریوں کو مایوس کیا ہے۔پیر کو کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر و پاکستان کے کنوینر محمود احمد ساغر کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو اپنی عدلیہ کے ذریعے قتل کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ یہ متعصب عدالتیں ہندوتوا عناصر کے زیر اثر کام کر رہی ہیں اور کشمیریوں کو ان کے پیدائشی حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر سزائیں دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی کینگرو عدالتوں نے ہمیشہ کشمیریوں کو مایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے عدالت سے یاسین ملک کو سزائے موت دینے کا مطالبہ ایک اور مقبول کشمیری رہنما کے عدالتی قتل کی گہری سازش ہے۔