فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ میں کارروائیاں‘ 15سے زائد مراکز کو جرمانہ

May 30, 2023

کوئٹہ(خ ن)عوام کو معیاری و صحت بخش خوراک کی فراہمی کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔ اس ضمن میں بی ایف اے حکام نے دوران انسپکشن کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 15 سے زائد مراکز پر جرمانے عائد کردئیے ۔ جناح روڈ و ملحقہ علاقے میں جرمانہ کئے گئے 3 ہوٹلوں اور 2 چاٹ کارنرز کو صفائی کی ابتر صورتحال و ورکرز کی جانب سے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا ،ایک جنرل اسٹور سے مضر صحت گٹکاپان پراگ برآمد ہوا جبکہ ایک بیکنگ یونٹ کے خلاف بیکنگ احاطہ میں گندگی ، جراثیم زدہ بیکنگ ٹریز ، اشیاء کی تیاری میں خراب و استعمال شدہ کوکنگ آئل کے استعمال اور حتمی پراڈکٹس پر تنبیہ کے باوجود مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تواریخ ظاہر نہ کرنے پر ایکشن لیا گیا۔ اسی طرح سریاب روڈ اور سیٹلائٹ ٹاؤن میں لائسنس کی عدم دستیابی سمیت مختلف وجوہات پر 9 خوراک کے مراکز کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق 8 خوردنی اشیاء کے ہولسیل مراکز کے فوڈ بزنس لائسنس نہیں تھے جبکہ ایک مصالحہ ٹریڈر سے ناقص فوڈ کلرز و چائنیز نمک برآمد ہوا ، جنہیں ضبط کرکے دکان مالک کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ بی ایف اے حکام نے مراکز مالکان کو قوانین کے مطابق اشیاء خوردونوش کا کاروبار کرنے اور ترجیحی بنیادوں پر فوڈ بزنس لائسنس کا حصول ممکن بنانے کی ہدایت کی۔