میر خلیل الرحمٰن میمورئل سوسائٹی کا سیمینار، آگے بڑھنے کیلئے سچ اور برداشت کا ہونا ضروری، گورنر پنجاب

May 31, 2023

لاہور (رپورٹ: حرا بتول) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا ہے کہ 9مئی کے واقعات انتہائی افسوسناک اور شرم ناک ہیں ایک لیڈر کی تربیت کیوجہ سے نوجوان توڑ پھوڑ ملکی اور فوجی املاک کو تباہ کرنا اپنا شیوہ سمجھتے ہیں ، 75برس میں اس قسم کا احتجاج کبھی نہیں ہوا۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی کے زیر اہتمام رائونڈ ٹیبل کانفرنس میں کیا جس کاموضوع ’’مضبوط خوشحال پاکستان، اور ہمارری قومی ذمہ داریاں اور ہمارے شہداء ‘‘ تھا۔،گورنر نے کہا کہ اگرآگے بڑھنا ہے تو سچ کو بنیاد بنائو ہمیں سنی سنائی باتوں پر یقین نہیں کرنا چاہئے اپنے اندر برداشت کا مادہ پیدا کرنا چاہئے،فوی ہمارے ہیرو ہیں ، اس دن سرکاری املاک کیساتھ ساتھ گورنر ہائوس کو بھی جلانے کی کوشش کی گئی، یہ ریڈ لائنز ہیں ہر چیز کی معافی مل جائے گی مگر اس کی نہیں ملے گی۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض علی چشتی نے کہاکہ جب پاکستان بنا تو کہا گیا کہ یہ 25برس سے زیادہ نہیں چل سکے گا اللہ کے فضل سے پاکستان قائم ہے لیکن کیا یہ وہ ہی پاکستان ہے جس کا خواب قائداعظم ؒنے دیکھا تھا ،اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو دنیا میں جو عزت اور مقام دیا ہے ہمیں اس کو قائم رکھنا ہے۔صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ادارے مضبوط ہونگے توملک مضبوط ہو گا ، ملک کی مضبوطی میں صحت اہم کردار ادا کرتی ہے اس لیے صحت کے اداروں پر خاص توجہ دی جائے،جس ادارے کے جو قوانین بنائے جائیں ان کو صحیح سمت میں لاگو بھی کیا جائے ،عزیز احمد اعوان نے کہا کہ کوئی سچا پاکستانی اپنی فوج کے خلاف بات سننے کو تیار نہیں 9مئی کے واقعات سے قوم کا سرشرم سے جھک گیا،صحافی رئیس انصاری نے کہا کہ اگر جلوس راستے میں روک لیاجاتا تو کورکمانڈر ہائوس کو آگ نہ لگتی امن عامہ برقرار رکھنا پولیس کا کام ہے۔ کرنل (ر)کے ایم رائے نے کہا کہ اگر ادارے حدود میں نہیں رہینگے کوئی کام درست نہیں ہو گا، طلعت نصیر پاشا نے کہا کہ خاندانوں میں تبدیلی تعلیم لاتی ہے اس پر توجہ دینی چاہئے۔