ایمرجنگ ایشیا کپ ٹی 20 کیلئے پاکستان ٹیم ہانگ کانگ روانہ

June 10, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ایمرجنگ ویمنز کرکٹ ٹیم فاطمہ ثنا کی قیادت میں ایمرجنگ ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں شرکت کیلئے ہانگ کانگ روانہ ہوگئی۔ ٹورنامنٹ 12 سے 21 جون تک کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم گروپ اے میں میزبان ہانگ کانگ، بھارت اے اور نیپال کے ساتھ ہے۔ پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ تیرہ جون کو نیپال کے خلاف کھیلے گی۔ سترہ جون کو اس کے مقابل بھارت اے کی ٹیم ہوگی۔ سیمی فائنل 19 جبکہ فائنل 21جون کو ہوگا۔ کپتان فاطمہ ثنا ، گل فیروزہ ، نتالیہ پرویز ، صدف شمس ، سیدہ عروب شاہ ، طوبیٰ حسن اور ام ہانی اس سے قبل بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔