ناگویا( نصر اقبال، نمائندہ خصوصی) ایشین گیمز کر کٹ فائنل میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو 19 رنز سے شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا جبکہ شکست کے بعد پاکستانی ٹیم سلور میڈل جیت گئی، فائنل میں پاکستانی کھلاڑی مکمل دبائو میں دکھائی دئیے،ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بولرز ناکام ہوئے جبکہ فیلڈرز نے بھی بولرز کا ساتھ نہیں دیا اور کئی آسان کیچز چھوڑے،بھارت کے211پہاڑ جیسے ہدف کے سامنے پاکستانی ٹیم نے چھ وکٹ پر192رنز بنائے،حسن نواز کی ذمے دارانہ اننگز نے پاکستان کو بڑی ہزیمت سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا جنہوں نے51گیندوں پر پانچ چوکوں اورسات چھکوں کی مدد سے 96رنز بنائے،پاکستا ن کی اننگز کا آغاز اچھا نہ ہوا ، صرف39رنز پر دوکھلاڑی کپتان صاحب زادہ فرحان10اور عثمان خان3،معاذ صداقت23رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ، چوتھی وکٹ کے لئےحسن نواز اور صائم ایوب کے درمیان 90رنز کی شراکت ہوئی ،صائم ایوب 29رنز بناکر میدان چھوڑ گئے،عبدالصمد نے9رنز بنائے،بھارت کی جانب سےواشنگٹن سندر،شیوَم دوبے،اکشر راجیش پٹیل نے دو، دو وکٹ لئے،قبل ازیں ٹاس جیت کر بھارتی کپتان شریاس ائیر نے اپنے بیٹرز کو آزمایا جنہوں نے کپتان کے اعتماد کے مطابق پاکستانی بولرز کے خلاف بھر پور مزاحمت کی، بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 212 رنز کا ہدف دیا۔ابھیشیک شرما 61 اور تلک ورما 51 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ سوریا ونشی اور ابھیشیک شرما نے اننگز کا آغاز کیا ۔ سوریا ونشی 9 گیندوں پر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ابھیشیک شرما نے61رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ ایشان کشن 21 رنزجبکہ تلک ورما نے 20گیندوں پر ففٹی مکمل کی۔ وہ 51رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔