سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں، انتظامیہ الرٹ ہے: کمشنر

June 10, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی جانب سے ممکنہ سیلاب کے پیش نظرمحکموں کو انتظامات مکمل کرنے کا ٹاسک سونپ دیدیا گیا۔انہوں نے سیلاب انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز،محکمہ آبپاشی کو حفاظتی بندوں کی بھرپور انسپکشن اور تجاوزات کیخلاف آپریشن کریں۔دریائی علاقوں سے نقل مکانی اور مشینری کی دستیابی کا پلان تیار رکھا جائے۔سیلاب کا فی الحال کوئی خطرہ نہیں تاہم انتظامیہ مکمل الرٹ ہے۔سانپ کاٹے کی ویکسین اور مویشیوں کے چارے کا وافر سٹاک رکھا جائے۔ریسکیو سمیت ایمرجنسی ادارے موک ایکسائیز جاری رکھیں۔کمشنر کو دریائی صورتحال اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ سیلاب اور مون سون کے سلسلے میں مکمل تیار ہے۔سیلاب کی صورتحال کو مانیٹر اور آگاہی دینے کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کئے جائیں گے۔دریائی صورتحال معمول پر ہونے کے باوجود ایمرجنسی پلان مکمل تیار ہے۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر،سرفراز احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نعمان افضل، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے ۔