کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)خلجی قومی اتحاد انٹرنیشنل کے چیئرمین نواب سلمان خان خلجی نے مطالبہ کیا ہے کہ بلاک شناختی کارڈز ترجیحی پر کھولے جائیں ، یہ بات انہوں نے جمعہ کو مرکزی چیئرمین نورزئی قومی موومنٹ پاکستان حاجی باز محمد نورزئی ،سیکرٹری جنرل حاجی صالح محمد نورزئی ، علاقائی صدر شمس اللہ نورزئی ، علاقائی سیکرٹری کبیر خان نورزئی ودیگر قبائلی معتبرین کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ جب نادرا کا قیام عمل میں لایا گیا تھا تب اسے پورے پاکستان کی ترقی قرار دیا جارہا تھا لیکن بلوچستان کے قبائل کی بدبختی کا دور شروع ہوا ۔بلوچستان میں بھرتیوں کے دوران چند پشتون قوم پرست بھی نادرا میں بھرتی ہوئے جنہوں نے خلجی اور دیگر قبائل کے خلاف ایک خود ساختہ پالیسی متعارف کرائی جس میں شناختی کارڈ کے حصول کیلئے 1974 کا کوئی شناختی دستاویز فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا اور یہ پالیسی صرف چند اقوام پر لاگو کی گئی ایسی دستاویز پیش کرنا صرف چند فیصد افراد کے بس میں تھا اور جو پیش نہ کرسکے انہیں ان کے بنیادی حق شناختی کارڈ سے محروم رکھا گیا نہ صرف یہ بلکہ انہی افراد نے مبینہ طور پر سادہ لوح قبائل کو چند ڈالر کا لالچ دیکر مہاجر کارڈ جاری کئے جبکہ انہیں اس سے آگاہ بھی نہیں کیا گیا اس کے بعد وہ افغان شہری تسلیم کئے جائیں گے اور ان کی پاکستانی شہریت ختم ہوجائے گی اس مسئلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا اور ہم سرخرو ہوگئے جس کے بعد مہاجر کارڈ کینسل اور دوبارہ شناختی کارڈ کا حصول ممکن بنایا گیا ۔