خیرپور، حیدرآباد (این این آئی، بیورو رپورٹ) فاطمہ قتل کیس میں نامزد ملزمہ حنا شاہ نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا، ملزمہ نے عدالت سے ضمانت منسوخ ہونے پر گرفتاری دیدی ، ملزمہ کو ویمن تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔ ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ پولیس کی کارروائیوں کی وجہ سے ملزمہ حنا شاہ نے خود کو قانون کے حوالے کیا ، ملزمہ کو ریمانڈ کے لئے میں پیش کریں گے۔ دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ حیدرآبادسرکٹ بینچ نے خیرپور کے علاقے رانی پو ر میں کمسن ملازمہ فاطمہ فرڑو کے قتل اورجنسی زیادتی کے مقدمہ میں گرفتار مرکزی ملزم فیاض شاہ کی ضمانت کی توثیق کی درخواست پولیس رپورٹ کے بعد مسترد کردی‘ اسی عدالت نے فیاض شاہ کی بہو حنا شاہ کی بھی ضمانت غیر حاضری کے باعث منسوخ کردی ہے۔ خیرپور پولیس نے منگل کو سخت حفاظتی انتظامات میں فیاض شاہ کو سندھ ہائی کورٹ میں پیش کیا اور عدالت کو رپورٹ میں بتایا کہ فیاض شاہ کو سندھ ہائیکورٹ سے ضمانت کے بعد جرگہ کرکے فاطمہ کے ورثا کو دھمکیاں دینے کے الزام میں درج دوسرے مقدمہ میں گرفتارکیاگیاہے ۔