ملتان(سٹاف رپورٹر )ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رانا رضوان قدیر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ و پولیس نے جشن میلاد النبیﷺ کے حوالے سے انتظامات مکمل کرلئے ہیں، میلاد جلوسوں و محافل کے دوران ضلع بھر کی سیکورٹی ریڈ الرٹ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن میلاد کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سی پی او منصورالحق رانا بھی موجود تھے جبکہ زاہد بلال قریشی،محمد سلیم قریشی،ڈاکٹر اشرف علی قریشی ،مرزا محمد ارشد القادری ،محمد سلیم بلالی عطاری،حافظ محمد فاروق خان سعیدی،مفتی محمد عثمان پسروری اور مظہر جاوید نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور مسائل پیش کئے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عابدہ فرید نے جشن میلاد النبی انتظامات پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر مثالی انتظامات کرینگے۔ حساس علاقوں اور روٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے اور واک تھرو گیٹ بھی لگائیں گے۔