ڈالر ایڈجسٹمنٹ، عوام پٹرول پر 10.70 روپے فی لٹر کے ریلیف سے محروم

December 03, 2023

اسلام آباد (پی پی آئی)نگران حکومت نے یکم دسمبر سے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھ کر عوام کو فی لٹر 10 روپے 70 پیسے کے ریلیف سے محروم کر دیا۔

پٹرول پر پی ایس او ایکسچینج ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کے باعث شہری پٹرول پر10 روپے70 پیسے فی لٹرکے ریلیف سے محروم ہوگئے۔

ڈالر کی ایڈجسٹمنٹ کے باعث عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف نہ مل سکا، ذرائع نے بتایا کہ شہری پٹرول پر 10روپے70 پیسے فی لٹر اور ہائی اسپیڈڈیزل پر فی لٹر 20 پیسے کے ریلیف سے محروم ہوئے۔

ذرائع نے بتایا کہ فی لٹر پٹرول پرایکسچینج ایڈجسٹمنٹ میں 14روپے17 پیسے کااضافہ کیا گیا اور فی لٹر پیٹرول پر پی ایس او ایکسچینج ایڈجسٹمنٹ3 روپے21 پیسے عائد کردی۔ اس سے قبل پٹرول پر پی ایس اوایکسچینج ایڈجسٹمنٹ 10.96روپے منفی تھی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ فی لیٹرڈیزل پر پی ایس او ایکسچینج ایڈجسٹمنٹ میں 45 پیسے کا اضافہ کیا ہے اور پی ایس او ایکسچینج ایڈجسٹمنٹ بڑھا کر 2.67روپے کردی گئی ہے۔