ن لیگ کو 20، پی پی 13، ایم کیو ایم کو 5 مخصوص نشستیں ملنے کا امکان

February 22, 2024

اسلام آباد(این این آئی) تیرہ سیاسی جماعتیں قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی دوڑ سے باہر ہوگئیں، ن لیگ کو 20، پی پی 13، ایم کیو ایم کو 5مخصوص نشستیں ملنے کا امکان ہے جبکہ پی ٹی آئی کی 27مخصوص نشستوں کا مستقبل الیکشن کمیشن کے ہاتھ میں ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق مخصوص نشستوں کی دوڑ سے باہر ہوئی تیرہ جماعتوں میں جماعت اسلامی، جے یو آئی ف، تحریک لبیک، اے این پی، آئی پی پی، مسلم لیگ ضیا ،پختونخوا ملی عوامی پارٹی ، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس شامل ہیں، مسلم لیگ ق کو بھی مخصوص نشستوں کے حصول میں مشکلا ت درپیش ہیں۔

اسی طرح پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے ارمان پر بھی پانی پھر گیا، مرکزی مسلم لیگ، نیشنل پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی بھی مطلوبہ نتائج حاصل نہ کرسکیں۔

جن جماعتوں کو مخصوص نشستیں ملیں گی ان میں مسلم لیگ ن کو قومی اسمبلی میں 16خواتین اور 4اقلیتوں کی مخصوص نشستیں ملنے کا امکان ہے پیپلز پارٹی کو11خواتین اور 2خواتین کی مخصوص نشستیں ملنے کا عمل متوقع ہے۔