بشریٰ بی بی کو بنی گالہ سے سینٹرل جیل اڈیالہ منتقل کرنے سے انکار

February 23, 2024

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) بشریٰ بی بی کو بنی گالہ سے سنٹرل جیل اڈیالہ منتقل کرنے سے انکار، اڈیالہ جیل کے حکام نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو بتایا ہے کہ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر توشہ خانہ ریفرنس اور غیر شرعی نکاح کیس میں سزا یافتہ بشریٰ بی بی کو سب جیل بنی گالہ سے سنٹرل جیل اڈیالہ منتقل نہیں کر سکتے۔ عدالت نے چیف کمشنر اسلام آباد کی جانبسے جواب داخل کرانے کیلئے مہلت کی استدعا پر سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔ جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سب جیل قرار دی گئی بنی گالہ رہائشگاہ سے بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست کی سماعت کی۔دوران سماعت سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جس میں کہا گیا کہ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر بشریٰ بی بی کو جیل منتقل نہیں کر سکتے ، جیل میں جگہ کم ہے ، پہلے ہی 250خواتین جیل میں قید ہیں۔