فلسطین سے اظہار یکجہتی، جماعت اسلامی کے 100 مقامات پر مظاہرے

February 24, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر اہل غزہ اور مظلوم ونہتے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اور اسرائیل کی جانب سے معصوم بچوں پر بمباری کے خلاف جمعہ کو شہر میں 100 سے زائد پبلک مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے اورمطالبہ کیا گیا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں، گریٹر اسرائیل کا خواب دیکھنے والوں کے خلاف اقدامات کریں۔ مظاہرین نے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا کر احتجاج کیا،جن پرغزہ کی جدودجہد آزادی ظالم اور مظلوم کی عالمی جنگ ہے،مزاحمت میں زندگی اور غلامی میں موت ہے سمیت دیگر نعر ے درج تھے،مظاہروں سے امرائے اضلاع اور مقامی ذمہ داران نے خطاب بھی کیا۔مقررین نے احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبلہ اوّل ہر کلمہ گو شخص کے لیے مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کے بعد انتہائی قابلِ احترام ہے۔قبلہ اوّل کی آزادی اور تحفظ پوری امت کے ایمان اور عقیدے کا معاملہ ہے اور اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی اسرائیل کو تسلیم کیا جا سکتا ہے۔حماس کے مجاہدین کے پاس جدید ٹیکنالوجی موجود نہیں ہے لیکن اسرائیل کی فوجی طاقت کو شکست دے دی ہے۔