8فروری کو صدی کی سب سے بڑی دھاندلی ہوئی، تحریک انصاف

February 28, 2024

کوئٹہ (پ ر) تحریک انصاف کے رہنما حاجی سیف الله کاکڑ نے کہا ہے کہ جعلی مینڈیٹ سے بننے والی حکومتیں زیادہ عرصہ قائم نہیں رہ سکیں گی۔ تحریک انصاف کا مینڈیٹ چوری کرنے والے پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگئے ،الیکشن کے نام پر جو تماشہ ہوا تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی ،جب تک چھینا گیا مینڈیٹ تحریک انصاف کو واپس نہیں ملتا تحریک انصاف اور قوم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ چوری کے مینڈیٹ سے قائم ہونے والی حکومتوں کا کوئی مستقبل نہیں قوم نے جنہیں بری طرح مسترد کیا اس سیاسی کچرے کو اکٹھا کرکے حکومت بنائی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا مان رہی ہے کہ 8فروری کو پاکستان میں اس صدی کی بدترین دھاندلی کرائی گئی، تحریک انصاف کا مینڈیٹ چوری کرکے قائم ہونے والی حکومت کو دنیا میں کوئی بھی تسلیم نہیں کرے گا۔