اساتذہ محنت و لگن سے خدمات سرانجام دیں، صالح ناصر

February 29, 2024

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)سیکرٹری تعلیم صالح محمد ناصر نے کہاہے کہ اساتذہ محنت اورلگن سے اپنی خدمات سرانجام دیں تاکہ مستقبل کے معمار بہتر تعلیم حاصل کرسکیں،ان خیالات کااظہار انھوں نے گذشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے ترقی پانے والے تمام اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ اساتذہ اپنی خدمات ایمانداری اور لگن کے ساتھ سرانجام دینگے،اساتذہ قوموں کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اچھے افراد کی موجودگی سے اچھا معاشرہ جنم لیتا ہے اور اچھے معاشرے سے ہی ایک بہترین قوم بنتی ہے۔ یہ استاد کا وصف ہے کہ وہ مقدس فرض کی تکمیل سے نوع بشر کی بہتر مستقبل گری کرتا ہے۔ تعمیر انسانیت اور علمی ارتقاء میں استاد کے کردار سے کسی کو انکار نہیں،معاشرے کی زمام کار سنبھالنے والے افراد خواہ وہ کسی بھی شعبے اور پیشے سے وابستہ ہوں اپنے استاد کی تربیت کے عکاس ہوتے ہیں۔ استاد کا اہم اور بنیادی فریضہ انسان سازی ہوتا ہے۔انھوں نے کہاکہ ترقی کے منتظر 25سو کے قریب اساتذہ کے کیسوں کو چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والے سلیکشن بورڈ کے اجلاس میں اگلے گریڈ میں ترقی دی گئی جن میں گریڈ 17 سے 18 کے میل اساتذہ 250 اور فیمل اساتذہ 125جبکہ گریڈ 18سے گریڈ 19کے میل اساتذہ167اور فیمیل اساتذہ 18 کے قریب کو اگلے گریڈوں میں ترقی دی گئی اسی طرح جونیئر کیڈر اساتذہ میں ٹوٹل 1800کے قریب اساتذہ کو ترقی دی گئی ۔