مصطفیٰ کمال نے 5 ہزار فی گھر ٹیکس عائد کیا ہم نے 200 روپے کردیا، مرتضیٰ وہاب

March 03, 2024

ٹوکیو (عرفان صدیقی) بطور میئر مصطفیٰ کمال سے کوئی مقابلہ نہیں کیونکہ جتنے فنڈ وفاق سے انھیں ملے اگر اس کا ایک حصہ بھی ہمیں مل جائے تو کراچی شکل تبدیل کرسکتے ہیں۔ یہ بات میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ٹوکیو میں روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، مرتضی وہاب نے کہا کہ مصطفی کمال نے اپنے دور میں کراچی کے ہر گھر پر پانچ ہزار روپے ٹیکس عائد کردیا تھا جسے ہم نے کم کرکے پچاس روپے سے دو سو روپے فی گھر کردیا ہے اگر ہمیں یہ ٹیکس کے الیکٹرک کے ذریعے ملتا رہتا کو کراچی کو ساڑھے چار ارب روپے وصول ہوسکتے تھے جس سے کراچی کے بہت سے ترقیاتی کام ممکن ہوجاتے لیکن جماعت اسلامی نے ذاتی عناد کے سبب یہ مسئلہ ہائیکورٹ میں پیش کرکے اس پراسٹے حاصل کرلیا ،کراچی والے افغانی کو 500آسانی سے دیتے ہیں مقامی حکومت کو کچھ دینا نہیں چاہتے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کئی سیاسی جماعتیں صرف پیپلز پارٹی کو شہر میں ناکام کرنے کے لیے منفی سیاست کرتی ہیں جس سے نقصان کراچی کے شہریوں کا ہوتا ہے ، مرتضی وہاب نے کراچی کی طوفانی بارش کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاپان میں بیٹھ کر بھی کراچی میں ہونے والی بارش کی نکاسی کے لیے اپنی ٹیم کے ساتھ دن رات کام کیا ، اللہ کے کرم سے کراچی کو محفوظ بنایا ،انھوں نے صفائی کے حوالے سے ٹوکیو اور کراچی کے فرق کے بارے میں کہا کہ ٹوکیو کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی یہاں کی صفائی اور ترقی مثالی ہے جبکہ یہاں کے عوام بھی نظم وضبط کے پابند اور صفائی پسند ہیں میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں جہاں حکومت کو شہر کو صاف ستھرا بنانے میں مزید کردار ادا کرنا ہوگا تو عوام کو بھی مزید صفائی پسند ہونا ہوگا کیونکہ ہمارے دین میں صفائی نصف ایمان ہے لیکن یہ خوبی جاپانی عوام نے اپنالی ہے ، مرتضی وہاب نے کہا کہ کراچی کو کراچی کے شہریوں کی جانب سے شہری ٹیکس کی اشد ضرورت ہے کیونکہ پوری دنیا میں شہری ٹٰیکس ادا کیا جاتا ہے جس سے ترقیاتی کام ممکن ہوتے ہیں لیکن کراچی کے عوام ٹیکس دینا بھی چاہیں تو کچھ سیاسی قوتیں انھیں بھڑکاتی ہیں ورنہ کراچی کا ہر گھرانہ کچرا لے جانے والے افغانی اور مقامی لوگوں کو پانچ سو روپے آسانی سے دے دیتے ہیں لیکن مقامی حکومت کو پچاس سے دو سو روپے نہیں دینا چاہتے۔