فرینڈز آف پی آئی سی گروپ تشکیل ‘فنڈز جمع

March 03, 2024

پشاور (لیڈی رپورٹر)پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے بورڈ آف گورنرز کی قیادت میں صوبے کے نامور کاروباری افراد اور اداروں پر مشتمل فرینڈز آف پی آئی سی کے نام سے گروپ کا قیام عمل میں لایا گیا،،اس حوالے سے پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں تقریب منعقد کی گئی جس میں نامور کاروباری افراد اور اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اور ہسپتال کی ایمرجنسی میں فراہم ہونے والے پرائمری پی سی آئی میں مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے فنڈ اکٹھے کئے گئے۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر حفیظ اللہ نے کہا کہ پی آئی سی صوبے کے عوام کے لئے قائم کیا گیا تھا اور وقت کے ساتھ ساتھ اس ادارے اور یہاں دستیاب علاج معالجہ سہولیات اور عملے کی بہترین کارکردگی نے اس کو بین الاقوامی معیار کے ہسپتال بنا دیا۔ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو ہنگامی بنیادوں پر پرائمری پی سی آئی کی ضرورت ہوتی ہے جس سے ان کی جان بچائی جا سکتی ہے۔مگر موجودہ ملکی معاشی صورتحال کے باعث ہسپتالوں میں مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ اس علاج پر خرچہ زیادہ آتا ہے جو مریض نہیں برداشت کر سکتے اس لیے ان کے لیے ایسی معاونت زندگی کی روشنی ثابت ہوگی۔نگران مشیر برائے صحت پروفیسر ڈاکٹر ریاض انور نے کہا کہ صوبے کی عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا حکومت کا مشن ہے مگر پی آئی سی جیسے اداروں میں آنے والے نادار مریضوں کے لیے مالی معاونت کرنا خوش آئند ہے۔