پشاور(جنگ نیوز) سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام ٹریفک ہیڈ کوارٹر گلبہار میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے دوران چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ کو شہر میں جاری مہمات تجاوزات کے خلاف آپریشن‘ ون ویلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن‘ سیٹ بیلٹ کے بغیر ڈرائیونگ‘ دوران سفر موبائل فون کے استعمال‘ فلش لائیٹس، بغیر رجسٹریشن کی موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کارروائیوں بارے بریفنگ دی جس پر چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے اطمینان کا اظہار کیا اور کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ تقریب میں چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے ٹریفک اہلکاروں میں بہتر کارکردگی پر توصیفی سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔ *چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے افسران و اہلکار پہلے سلام پھر کلام کی پالیسی پر عمل پیرا ہو کر ڈیوٹیاں انجام دیں اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام افسران و اہلکار پوری جانفشانی کیساتھ ٹریفک کی روانی اور شہریوں میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کیلئے کردار ادا کریں۔ چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور میں سزا و جزا کا عمل اسی طرح جاری رہے گا بہتر کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی جبکہ غفلت برتنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائیگی۔