عیدالفطر پر بدپرہیزی، شہریوں کی بڑی تعداد ڈائیریا، گیسٹرو میں مبتلا

April 13, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) عیدالفطر پر بدہیزی کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد ڈائیریا ، گیسٹرواور دیگر امراض میں مبتلا ہوئی اور مختلف اسپتالوں سے رجوع کیا، سرکاری اسپتال بالخصوص جناح، سول اور عباسی شہید اسپتال کے شعبہ حادثات میں مریضوں کا زیادہ رش رہا، اسپتالوں میں رش اور عملے کی کمی کے باعث مریضوں کو پریشانی کا سامنابھی کرنا پڑا ، عید پر شہریوں نے حفظان صحت کے اصولوں کونظر انداز کرتے ہوئےمیٹھی، مرغن ،زیادہ چکناہٹ اور دیرسے ہضم ہونے والی غذائیں زیادہ استعمال کیں جس سے وہ پیٹ کے امراض میں مبتلا ہوئے ، جناح اور سول اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق ہر سال کی طرح امسال بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ڈاکٹروں کی خصوصی ڈیوٹی لگائی گئی، رواں سال بھی بد پرہیزی کے باعث شہری گیسٹرو ڈائریا اور الٹی کی شکایت کے ساتھ آئے چونکہ شہر میں نجی اسپتال اورکلینکوں کی بڑی تعداد بند رہی،ماہرین صحت کے مطابق تہواروںاور تقریبات میں بھی کھانے میں اعتدال سے کام لینا چاہیے گوشت کے ساتھ سبزیوں اور پھلوں کا بھی استعمال کرنا چاہیےاور بازاری کھانوں سے پرہیز کرنا چاہیے ۔