چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی اور مصروف سیزن، پی سی بی چیلنجز کیلئے پرعزم، سال کے شیڈول پر کام شروع

April 17, 2024

کراچی (عبدالماجدبھٹی) چیمپئنز ٹرافی کی اور غیرملکی ٹیموں کی میزبانی سمیت انتہائی مصروف سیزن پاکستان کرکٹ ٹیم کا منتظر ہے، قومی ٹیم کو بیرونی دورے بھی کرنے ہیں۔ بورڈ حکام ان تمام چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی ہدایت پر پی سی بی پہلی بار ایک سال کا جامع شیڈول ترتیب دے رہا ہے۔ انٹر نیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ کےشیڈول تیاری کے آخری مرحلے میں ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ حکام میٹنگز میں مصروف ہیں، تفصیلی پلان کا اعلان اگلے مہینے کے شروع میں کیا جائے گا ایک سال کے دوران پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے علاوہ بنگلہ دیش، انگلینڈ، نیوز ی لینڈ اور جنوبی افریقا کی میزبانی کرے گا۔ پی ایس ایل میں بڑے کھلاڑیوں کو پاکستان لانے کیلئے معاوضے میں اضافے کی بھی تجویز ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ انٹر نیشنل سیزن کو سامنے رکھ کر مردوں اور خواتین کے ٹورنامنٹ کا پلان ترتیب دیا جارہا ہے۔ گراؤنڈز اور انفرااسٹرکچرکے ساتھ کمرشل ویلیو کا بھی خیال رکھا جارہا ہے تاکہ جو کرکٹ ہو وہ فائدہ مند ہو اور سیزن کے دوران بار بار گراؤنڈ تبدیل ہوں۔ ماضی میں ہونے والے بدانتظامی کے واقعات کو سامنے رکھتے ہوئے محسن نقوی نے پی سی بی حکام کو اپنے لانگ ٹرم وژن سے آگاہ کیا ہے۔ یہ طے کیا جائے گا کہ انٹر نیشنل میچ کس کس گراؤنڈ میں ہوں گے اور ڈومیسٹک میچوں کی میزبانی کن کن گراؤنڈز کو کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین نے ہدایت کی ہے کہ سیزن کے دوران وینیوز تبدیل نہ ہوںایسی کرکٹ کرائی جائے جو فائدہ مند ہوں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اگلے سال فروری میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنا ہے اس سے قبل جنوری میں پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان تین قومی ون ڈے ٹورنامنٹ ہوگا، بورڈ چیمپئنز ٹرافی کو سامنے رکھتے ہوئے اپریل اور مئی میں پی ایس ایل کی ونڈو کو بھی حتمی شکل دے رہا ہے۔ ا س سال پی ایس ایل نائن ہوئی ہے اس لئے ایک سال میں دوسری پی ایس ایل کرانا مشکل ہے جبکہ مصروف انٹر نیشنل سیزن کی وجہ سے اس سال پی ایس ایل کا ہونا ناممکن ہے۔ اگلے سال پی ایس ایل ،آئی پی ایل سے متصادم ہوگی۔ پی سی بی ونڈو پر مطمئن ہوکر معاملہ پی ایس ایل گورننگ کونسل کے سامنے رکھے گا۔ پاکستان نے اس سال کے اوائل میں بنگلہ دیش کی میزبانی کرنا ہے جس کے بعد انگلینڈ نے پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ پاکستان ٹیم جنوبی افریقا اور آسٹریلیا بھی جائے گی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل کے 10 ویں ایڈیشن کیلئے اچھی ونڈو نکالنے کیلئے پر امید ہے اور اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ جلد مشاورت کی جائے گی۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہےکہ انٹرنیشنل کمٹمنٹس کو پورا کرنے کے ساتھ پی ایس ایل کے 10 ویں ایڈیشن کیلئے ایک مناسب ونڈو نکالیں گے، تمام فرنچائزز اور اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیں گے تاکہ یقینی بنایا جا سکے کہ ایونٹ بین الاقوامی وعدوں سے متاثر نہ ہو۔ پی ایس ایل پاکستان کا برانڈ ہے جس کو نظر انداز نہیں کرسکتے۔ انٹرنیشنل کمٹ منٹس کے ساتھ پی ایس ایل کو بھی ترجیح دینے کیلئے پر عزم ہیں ۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ روایتی طور پر جنوری سے مارچ کے درمیان ہوتی ہے۔