موٹر ویز‘ ہائی ویز پر اوور لوڈڈ گاڑیاں نہیں چل سکیں گی

April 18, 2024

اسلام آباد(رپورٹ:حنیف خالد) وفاقی وزیر نجکاری‘ سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ آئندہ کوئی اوور لوڈ ٹرک موٹر وے پر نہیں چلا سکے گا بلکہ موٹر وے پولیس اوور لوڈ ٹرک کو موٹر وے سے نیچے کچے راستے پر اتارے گی تاکہ اوور لوڈنگ کی حوصلہ شکنی ہو۔ موٹر وے اور قومی شاہراہوں پر اوور لوڈنگ پر جرمانہ وصول کرنا جرم کو جائز کرنے کے مترادف ہے۔ گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے حویلیاں‘ تھاکوٹ موٹر وے کو گلگت سکردو تک توسیع دینے کے بارے میں پلان تیار کیا جائیگا۔ ریکوڈک تک روڈ انفراسٹرکچر کے منصوبے پر اعلیٰ سطح کے اجلاس میں غور کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت عبدالعلیم خان نے کی اور اس میں این ایچ اے کے چیئرمین ارشد مجید مہمند نے این ایچ اے کے جاری منصوبوں بارے بریفنگ دی۔