گلستان جوہر بلاک 14 میں کے ڈی اے اسپورٹس کمپلیکس پر کمرشل سرگرمیاں

April 24, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ادارہ ترقیات کراچی کے افسران کے نام پرعدالتی احکامات کی سنگین خلاف ورزیوں کا انکشاف،گلستان جو ہر بلاک14 میں واقع کے ڈی اے اسپورٹس کمپلیکس کمرشل سرگرمیوں کا مرکز بن گیا، ذرائع نے بتایا کہ ایسوسی ایشن نے قیمتی رفاعی پلاٹ کو پہلے جم اور بعدازاں انڈور نیٹ کرکٹ کیلئے ٹھیکے پر دے دیا، جم کیلئے ہزاروں روپے کے عیوض ممبر شپ کے ساتھ ساتھ انڈور نیٹ کرکٹ کیلئے پورے گرا ئو نڈ پر قبضہ کرلیا گیا ہے،علاقہ مکینوں نے کھیل کود کے گرائونڈ پر قبضے اور کمرشل سرگرمیوں پر وزیر بلدیات سندھ سعید غنی اور ڈی جی کے ڈی اے سے فوری نوٹس اور ملوث افسران کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کردیا ،علاقہ مکینوں کے مطابق مذکورہ گرائونڈ کھیل کود کی سرگرمیوں کیلئے مختص ہے جبکہ اس میں غیر قانونی طور پر پہلے بلڈنگ تعمیر کی گئی بعد ازاں مذکورہ بلڈنگ کو جم میں تبدیل کردیا گیا اب مذکورہ رفاعی پلاٹ پر انڈور نیٹ کرکٹ کیلئے مکمل طور پر قبضہ کرلیا گیا ہے، کے ڈی اے کے سینئر افسران کا کہنا ہے کہ جس آفیسر ایسوسی ایشن کے نام پر اسپورٹس کمپلیکس گرائونڈ پر قبضہ کیا جارہا ہے اس کے گذشتہ20سال سے نہ ہی کبھی الیکشن منعقد ہوئے اور نہ ہی کسی کو آفیسر ایسوسی ایشن کا عہدیدار منتخب کیا گیا ہے، مذکورہ آفیسر ایسوسی ایشن کے ڈی اے کے افسران کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے جس کا اعلیٰ حکام فوری طور پر نوٹس لیں، افسران کا کہنا ہے کہ رفاعی پلاٹ پر کمرشل سرگرمیاں غیر قانونی عدالتی احکامات کی سنگین خلاف ورزی ہے۔