غیر فعال اسکیموں کی تفصیل اور وجوہات پیش کی جائیں، سیکرٹری پی ایچ ای

May 29, 2024

کوئٹہ (پ ر)سیکرٹری محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عمران گچکی نے گزشتہ روز چیف آفس کوئٹہ کا دورہ کیا دورے کے موقع پر انہیں ترقیاتی سکیمات کی پیشرفت بارے بریفنگ دی گئی، سیکرٹری پی ایچ ای کو جنوبی اور پی اینڈ ڈی زونز میں جاری سکیمات بارے خصوصی طور پر آگاہ کیا گیا ۔ علاوہ ازیں غیر فعال اسکیمات کے بارے میں بھی انھیں مطلع کیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری پی ایچ ای عمران گچکی نے محکمے کے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ غیر فعال اسکیمات کی مکمل تفصیلات اور ان کی غیر فعال ہونے کی وجوہات بارے انہیں جلد از جلد رپورٹ پیش کی جائے انہوں نے افسران کو تاکید کی کہ مون سون سیزن جو کہ بہت قریب ہے اس کے لیے ہنگامی منصوبہ بندی کی جائے تاکہ بارشوں کے منفی اثرات سے بچا جا سکے، انہوں نے محکمہ کے افسران سےکہا کہ عوام کی سہولت کے لیے ہر ضلع میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جائے۔