پاکستان کی امیدوں پر پانی پھر گیا، شائقین افسردہ، کرکٹرز ناراض

June 15, 2024

کراچی (عبدالماجد بھٹی) فلوریڈا کے شہر لوڈر ہل میں بارش کے بعد ملک میں کرکٹ فیور ختم ہوگیا۔ شائقین افسردہ اور کرکٹرز ناراض ہیں ۔ ہر کوئی احتساب کا نعرہ لگا رہا ہے۔ گراؤنڈ سے تھوڑے فاصلے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہوٹل کا ماحول سوگوار تھا۔ اوپنر امام الحق نے کہا کہ ہم بری کرکٹ کھیلے اور اب ہمیں شیشے میں دیکھنا ہوگا، امریکا کے خلاف برا کھیلے شکست کے ذمے دار کھلاڑی ہیں، اسپنرز اورر مڈل آرڈر مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ احمد شہزاد نے کہا کہ بابر اعظم کو کپتان بنانا غلطی تھی۔ میچ ہارنے کے بعد صرف یہی کہہ جاتا ہے کہ غلطیوں سے سیکھ رہےہیں ،جعلی کنگ اور چھ، آٹھ کا جو ٹولہ ہے اس کو ٹیم سے باہر نکالیں ، پاکستان نے خراب کرکٹ کھیلی دو جیتے ہوئے میچ ناقص کوالٹی اور کارکردگی کی وجہ سے ہار میں بدل گئے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے سپر ایٹ مرحلے سے باہر ہونے پر جہاں پاکستانی قوم کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، وہیں ان کا ورلڈ کپ کا بخار بھی اتر گیا،شائقین نے حکومت سے کڑے فیصلے کرنے کا مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ٹیم کو صرف بڑے ناموں کی نہیں، بلکہ پر فار منس دینے والے کھلاڑیوں کی ضرورت ہے۔ ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو ذاتی سنگ میل لے ڈوبی ہے ، ٹیم میں گروپنگ چل رہی ہے۔ بابر اعظم اور محمد رضوان سب سے بڑے ذمہ دار ہیں ، ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔ کپتان کو کپتانی نہیں آتی تو پوری ٹیم تبدیل کرنا ضروری ہے ،احمد شہزاد کہتے ہیں کہ بابراعظم کی 112 کی اسٹرائیک ریٹ ہے، آئی سی سی ایونٹ میں 26 کی ایوریج ہے، پاور پلے کے اندر آپ نے 207 بالز کھیلے ہیں اور ایک چھکا بھی نہیں مارا ہے۔آپکے ریکارڈ میرے سے بھی گھٹیا ہیں ۔ آپ نے صرف سوشل میڈیا پر لوگوں کو پاگل بنایا ہے۔ آپ کچھ نہیں کرسکتے لیکن اتنا ضرور کرسکتے ہیں کہ میرے پاس ساری سپورٹ موجود تھی مجھے میرے مطلب کے کھلاڑی ملے لیکن میں ڈیلیور نہیں کرسکا۔