عید الاضحی پر دیکھیں ”جیو نیٹ ورک“ کے چٹ پٹے پروگرام

June 17, 2024

کراچی (جنگ نیوز)بڑی عید کے بڑے تہوار کو مزید چٹخارے دار بنانے کیلئے ”جیو نیٹ ورک“ نے حسب روایت موج، مستی، مزاح اور انٹرٹینمنٹ کے انگنت مصالحوں سے خصوصی پروگراموں کی ڈشز تیار کی ہیں۔ عیدِ قربان کے تینوں دِن اسپیشل بلیٹنز، خصوصی پروگرام، ٹاک شوز، ٹیلی و فیچر فلمیں، موسیقی، ملک بھر میں ہونے والی عید کی گہما گہمی کی خصوصی کوریج، خصوصی ڈرامے، اسپیشل انٹرویوز اور مقبول فلمیں عید کی خوشیوں کا مزہ ڈبل کردیں گی۔ ”جیونیوز“ پر ناظرین عید کے پہلے دِن صبح 10 بجکر5 منٹ پر مارننگ شو ”جیو پاکستان“ میں معروف سیاستدان طلال چوہدری، KPK کے انفارمیشن ایڈوائزر بیرسٹر محمد علی سیف، میوزیکل بینڈ کے ڈاکٹر سہیل ابرار کی کھٹی میٹھی گفتگو ملاحظہ کریں گے۔ ”مزاحیہ مشاعرہ“، دوپہر ایک بجکر 5 منٹ پر نشر ہوگا۔ ڈمی میوزم سے مودی جی کا انٹرویو دوپہر2بجکر5 منٹ پر نشر کیا جائے گا۔ عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شازیہ منظور کا ”ایک دِن جیو کے ساتھ“ ناظرین شام 5 بجکر5 منٹ پر دیکھیں گے۔ شام7بجکر5 منٹ پر ”ہنسنا منع ہے“ کا خصوصی شو نشر ہوگا جس میں معروف اداکارہ نیلم منیر مہمان ہوں گی۔ اور رات 10 بجکر5منٹ پر ”کیپٹل ٹاک“ میں ولید اقبال، خورشید عالم اور فیصل سبزواری مہمان ہوں گے۔ پروگرام ”ہارنا منع ہے“ رات11 بجکر5منٹ پر نشر کیا جائے گا۔ عید کے دوسرے دِن ”جیو پاکستان“ میں فلم ”نابالغ افراد“ کی کاسٹ شرکت کرے گی، شو کے دوران عاشر وجاہت، رمحاء احمد، ثمر جعفری کے علاوہ اقراء غفران طاہر، نگہت داد کی چٹ پٹی گفتگو ہوگی۔ اسٹیج ڈانسر ”ماہا ملک“ کا ”ایک دِن جیو“ کے شام 5 بجکر 5 منٹ پر نشر کیا جائے گا۔ شام7بجکر5 منٹ پر”ہنسنا منع ہے“ میں اداکارہ ”حبا بخاری“ مہمان بنیں گی۔ ”کیپٹل ٹاک“ میں ناظرین زین قریشی، بلال اظہر کیانی اور حافظ حمداللہ کی گفتگو ملاحظہ کریں گے۔ پروگرام ”ہارنا منع ہے“ رات11 بجکر5منٹ پر نشر کیا جائے گا۔ عید کے تیسرے دِن ”جیو پاکستان“ میں صابری سسٹرز اور سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت مہمان ہوں گے۔ مزاحیہ مشاعرہ بھی نشر ہوگا۔ پروگرام ”ہنسنا منع ہے“ میں فلم ”عمرو عیار“ کی کاسٹ شرکت کرے گی اِن میں علی کاظمی، ثنا فخر مہمان ہوں گے۔ رات 10 بجکر5 منٹ پر آپس کی بات عید اسپیشل نشر ہوگا۔ ”ہارنا منع ہے“ رات11 بجکر5منٹ پر نشر کیا جائے گا۔ ٭ ”جیو ٹی وی“نے بھی اپنے ناظرین کیلئے بھر پور اور نہ رُکنے والی انٹرٹینمنٹ کی کہکشاں سجادی ہے۔ عید کے تینوں دِن ناظرین بلاک بسٹر فلموں کے تہلکہ خیز ایکشن، رومانس اور کامیڈی سے لطف اندوز ہوں گے۔ عید کے پہلے اور دوسرے دِن صبح ”جیو عید شو“ شروع ہوگا اور میزبان احسن خان اس شو میں شریک فنکاروں سے جانیں گے کہ اُن کی عید کیسی ہوتی ہے؟۔ اس کے علاوہ عید کے تینوں دِن کی سہہ پہر میں ایکشن، رومانس اور مستی کے ساتھ بلاک بسٹر موویز بھی تہلکہ مچائیں گی۔ بڑی عید کیلئے اسپیشل ٹیلی فلمیں بھی تیار کی گئی ہیں۔ عیدکے پہلے دِن ”جوڑی بن گئی، عید کے دوسرے دِن ”پیار تو وڑ گیا“ رات 9 بجے اور عید کے تیسرے دِن ”عندلیب کا عاشق“ رات 10 بجے نشر ہوگی۔ عید کے بڑے تحفے کی صورت میں ڈرامہ سیریل ”جان نثار“ کی لگا تار اقساط عید کے تیسرے دِن رات8 بجے سے دکھائی جائے گی۔ اس کے علاوہ ناظرین عید کے پہلے اور تیسرے دِن بلاک بسٹر فلمیں ”نامعلوم افراد2“ اور ”لوڈ ویڈنگ“ سے لطف اندوز ہوں گے۔ جیو سوپر اور جیو کہانی پر بھی عید کے حوالے سے خصوصی پروگرام مرتب کئے گئے ہیں۔