سابق کپتان سرفراز احمد کے ساتھ ناانصافی کی گئی، انضمام الحق

June 24, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی کر کٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ ہماری کرکٹ جب ترقی کر سکتی ہے جب میرٹ پر فیصلے کیے جائیں، ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سرفرا زاحمد کے ساتھ ناانصافی کی گئی، میں نے انہیں سینٹرل کنٹریکٹ کی ڈی کٹیگری سے نکال کر بی میں رکھا، میں اس وقت بورڈ کے چیئر مین ذکاء اشرف سے کہا کہ سرفراز پاکستان کا کپتان رہ چکا ہے اس کے ساتھ یہ رویہ نہ رکھا جائے۔ یا تو اسے سینٹرل کنٹریکٹ نہ دو اور اگر دینا ہے تو پھر عزت کے ساتھ دیا جائے،کھلاڑیوں کی حق تلفی ٹیم میں اختلافات پیدا کرتی ہے جس کا خمیازہ ہم پرفارمنس کی صورت میں بھگت رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ میں نے پی سی بی کی ایک اور پالیسی ختم کرائی جس کے تحت سابق کپتان کو ہمیشہ اے کٹیگری دینا تھا میں نے اس کو پرفارمنس سے مشروط کیا اور کہا کہ سابق کپتان کو عزت دیں لیکن اے کٹیگری میں شمولیت کو پرفارمنس سے جوڑیں، اپنی پرفارمنس پر اگر کوئی اے کٹیگری کا اہل نہیں تو پھر چاہے وہ بابر اعظم ہی کیوں نہ ہو، اس کو یہ کٹیگری نہ دی جائے اور اگر کارکردگی پر6یا7کھلاڑی ہی اے کٹیگری کے اہل ہیں تو انہیں شامل کیا جائے۔