پنجاب میں ایسی کوئی صورتحال نہیں کہ آپریشن کیا جائے، رانا ثناء

June 25, 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں ایسی کوئی صورتحال نہیں کہ آپریشن کیا جائے آپریشن عزم استحکام میں عدم استحکام پیدا کرنے والی قوتوں کیخلاف ہے، دہشتگردی کا مسئلہ ختم نہ ہونے کی وجہ فورسز کی ناکامی نہیں بلکہ افغانستان ہے، پی پی کے بہت سے مطالبات پورے ہوگئے دیگر پر بھی کام ہورہا ہے۔ وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔

پروگرام میں تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر ہمایوں مہمند بھی شریک تھے۔ سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کی باتوں سے آپریشن عزم استحکام کا مقصد کچھ اور لگ رہا ہے، کچے کے ڈاکوؤں کیخلاف حکومت کیا کررہی ہے، پہلے دہشتگردوں کے بیانیے کو شکست دینا ہوگی،بجٹ کو عوام دشمن قرار دینے والی پیپلز پارٹی کل بجٹ کو ووٹ کرتی ہے تو عوام دشمن پارٹی ہوگی۔

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نےکہا کہ آپریشن عزم استحکام کی مخالفت برائے مخالفت کی جارہی ہے، آپریشن عزم استحکام میں عدم استحکام پیدا کرنے والی قوتوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔