امریکی خفیہ سروس ٹرمپ کے تحفظ کے مشن میں ناکام، ڈائریکٹرکا اعتراف

July 23, 2024

واشنگٹن (اے ایف پی) امریکی خفیہ سروس کی ڈائریکٹر کمبرلی چیٹل نے گزشتہ روز اعتراف کیا کہ ایجنسی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کو روکنے کے مشن میں ناکام رہی۔کمبرلی چیٹل نے ہاؤس کمیٹی برائے نگرانی اور احتساب کے سامنے گواہی کے دوران کہاکہ خفیہ سروس کا پختہ مشن ہمارے ملک کے رہنماؤں کی حفاظت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 13جولائی کو ہم ناکام ہو گئے۔امریکہ کی خفیہ سروس کی ڈائریکٹر کے طور پر میں کسی بھی حفاظتی کوتاہی کی پوری ذمہ داری لیتی ہوں۔کمبرلی چیٹل، جنہیں مستعفی ہونے کے مطالبے کا سامنا ہے، نے کہا کہ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ دہائیوں میں خفیہ سروس کی سب سے اہم آپریشنل ناکامی تھی۔ سابق صدر کا کان ایک انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران حملے سے زخمی ہو گیا تھا۔20 سالہ حملہ آور تھامس میتھیو کروکس نے ایک انتخابی پروگرام میں تقریر شروع کرنے کے چند منٹ بعد ہی ٹرمپ پر اے آر طرز کی رائفل سے فائرنگ کی۔