پی آئی اے کی پہلی ایئر سفاری پرواز اسلام آباد سے روانہ

June 19, 2021

قومی ایئر لائن پی آئی اے کی پہلی ایئر سفاری پرواز اسلام اباد سے روانہ ہوگئی۔

ایئر سفاری پرواز 13 ملکوں کی شہریت رکھنے والے 91 مسافروں کے ساتھ روانہ ہوئی جس میں بہت کثیر تعداد میں غیر ملکی مہمان شریک ہیں۔

غیر ملکی سیاح پاکستان کے حسین پہاڑی سلسلوں کو دیکھنے کیلئے جوش و خروش کا اظہار کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر بھی ذاتی حیثیت سے سیاحوں میں شامل ہیں۔

ایئر سفاری کا یکطرفہ سفری دورانیہ ایک گھنٹے ہوگا، سیاحوں کو بلند ترین پہاڑوں کے ٹو، نانگا پربت، براڈ پیک ، دنیا کے بلند ترین گلیشیئرز و جھیلوں کی فضائی سیر کرائی جائےگی۔

ایئر ‏سفاری کالام، جھیل سیف الملوک، ناگاپربت، کے ٹو سے گزر کر اسکردو میں لینڈ کرے گی۔

ایئر سفاری اسکردو شہر میں دو گھنٹے قیام کرے گی، مسافروں کو خصوصی بسوں کےذریعے سیاحتی مقام شنگریلا لے جایا جائےگا۔

یاد رہے کہ ایئر سفاری کا آغاز 12 جون سے ہونا تھا تاہم پی آئی اے نے شمالی علاقہ جات کی ایئرسفاری پروازیں ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر ‏دی تھی۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ سفاری پرواز ملتوی کرنے کا فیصلہ محکمہ موسمیات کے جاری ‏مراسلے پر کیا گیا ۔