لاہور(اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن بری طرح بکھر چکی ہے‘ شہباز شریف کے پاس لندن یا جیل کے سوا کوئی آپشن نہیں‘ پیپلز پارٹی صرف سندھ کارڈ کھیلنا چاہتی ہے، وہ عوام سے خوفزدہ ہے‘ پیپلز پارٹی لاہور آئے، جلسہ کرے، دس مرلے کے گھر میں ان کا جلسہ ہو جائے گا، ہم نے تین سالوں میں 32 ارب ڈالر کا قرضہ واپس کیا، اگلے دو سالوں میں 55 ارب ڈالر کا قرضہ واپس کرنا ہے، یہ نواز شریف اور زرداری کے کرتوتوں کا نتیجہ ہے جو ہمیں بھگتنا پڑ رہا ہے‘عمران خان وزیراعظم نہ ہوتے تو پاکستان دیوالیہ ہوچکا ہوتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں گورنر ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے سندھ صحت کارڈمنصوبہ کا حصہ نہیں بنا‘وزیراعلیٰ سندھ اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں اور اس عظیم منصوبے میں شامل ہوں۔راشن پروگرام بھی اگلے ماہ شروع ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کہا جا رہا تھا کہ پی ٹی آئی کے لوگ اپوزیشن سے رابطے میں ہیں لیکن بعد میں پتہ چلا کہ ساری اپوزیشن ہی پی ٹی آئی سے رابطے میں ہے۔فنانس بل پیش ہونے کے بعد ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ہوا، آئندہ تین چار ماہ کے دوران مہنگائی مزید کم ہوگی۔