اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) تحصیل چوا سیدن شاہ ضلع چکوال کے رہائشی نوجوان کو اسلام آباد میںموت کے گھاٹ اتار دیا گیا جبکہ راولپنڈی کے علا قے تھانہ وارث خان کے علاقے سے ایک سر بریدہ نعش ملی ۔ گو لڑہ پولیس نےمقتول حسن اعجاز جنجوعہ کے والد اعجاز حسین جنجوعہ کی رپورٹ پر قتل اور 60ہزار قطری دینار چوری کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ۔مدعی مقدمہ نے الزام لگایا کہ اس کا بیٹا قطر میں ملازمت کرتا تھا اور چند روز پہلے قطر سے اسلام آباد اپنی پیشہ وارانہ مصروفیت کے لیے آیا تھا۔ہسپتا ل سے مدعی کو اطلاع ملی کہ حسن اعجاز جنجوعہ زخمی حالت میں ہسپتال لا یا گیا ،جس کی موت واقع ہو چکی ہے اس کے سر اور جسم پر چوٹوں کے نشان تھے ،میرا بیٹا اپنےبہنوئی نعیم کے فلیٹ واقع وردا پلازہ سیکٹر جی الیون تھری اسلام آباد میں رکا تھا، مقتول کے پاس 60ہزار قطری دینار بھی تھے جس کو خلیل الرحمان سما تی ،احمد رئوف سلطان ،عادل ،سونیا عمران ،علیشہ عمران کی ملی بھگت سے قتل کیا گیاہے ۔پولیس نے مقتول کے والد کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ۔ راولپنڈی کے تھانہ وارث خان کے علاقے عمر روڈ خضری مسجد کے قریب گھر سے ایک شخص کے لاش ملی ،مقتول کو گردن کاٹ کرقتل کیا گیا،پولیس نے نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردی۔مقتول کی شناخت شمیل کے نام سے ہوئی ۔