سرینگر (اے ایف پی /جنگ نیوز )مقبوضہ کشمیر کے ماتا ویشنو دیوی کے مندر میں بھگدڑ کی وجہ سے 12یاتری ہلاک اور 13زخمی ہوئے ہیں۔واقعے پر بھارتی وزیراعظم نے افسوس کا اظہار کیا ہے ،حکام نے نیشنل ریلیف فنڈ سے ہلاک اور زخمی افراد کیلئے امداد کا اعلان کیا ہے ، اے ایف پی کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ہفتے کو علی الصبح ماتا ویشنو دیوی کے مندر میں یاتریوں کے رش کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی واقعے کے بعد ذاتی طور پر صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔یاتریوں کی ایک بڑی تعداد نئے سال کے موقع پر رسومات کے لیے آئی تھی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب یاتری ویشنو دیوی بھون میں داخل ہو رہے تھے۔وزیراعظم نریندر مودی نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ماتا ویشنو دیوی بھون میں بھگڈر کی وجہ سے ہلاکتوں پر انتہائی غمزدہ ہیں۔