نارووال، اسلام آباد، لندن (نیوز ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ حکمران خواب میں بھی نواز شریف کے نام سے ڈرتے ہیں، نوازشریف علاج مکمل ہونے اور ڈاکٹرز کی اجازت پر واپس آئینگے،احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکمران نوازشریف فوبیا میں مبتلا ہیں، 2022ء انتخابات کا سال ہے۔
ہمارے قائد بھی واپس آئیں گے اور ن لیگ بھی اقتدار میں آئیگی، مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کو جو کرنا ہے کرے، میڈیا پر شور نہ مچائے۔ دوسری جانب لندن میں نوازشریف سے سعودی حکومت کے مشیرعلی عواد العیسری نے اہم ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی سیاسی،داخلی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ن لیگ کے مرکزی رہنمااحسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف وطن ضرور آئینگے،حکمرانوں کے اعصاب پر نوازشریف سوار ، تبدیلی سرکار کو عوام کی کوئی فکر نہیں۔
نارووال میں احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت صبح شام نواز شریف فوبیا میں مبتلا ہے ، جب انکی صبح ، شام ہوتی نواز شریف انکے اعصاب پر سوار ہوتے ہیں، جب یہ سوتے ہیں خواب میں نواز شریف کو دیکھ کر ہربڑا کر اٹھ بیٹھتے ہیں ، انکی پوری کابینہ کا اجلاس نواز شریف کے اوپر ہوتا ہے۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت کو کوئی فکر نہیں ہے ، پاکستان کے عوام مہنگائی میں کچلے جا چکے ہیں۔
پاکستان کے کسان اورمزدور کی کوئی فکر نہیں ہے ، انکو بس یہ فکر ہے نواز شریف نہ آجائے ،نواز شریف آ گیا تو کیا ہوگا ، نواز شریف بھی اب آئیگا اورمسلم لیگ (ن) بھی واپس آئیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2022 ء جعلی حکومت کے واپس پویلین میں جانے کا وقت ہو گیا ہے کیونکہ یہ مہنگائی کے باؤنسر سے زخمی ہوگئی ہے۔
عمران نیازی صاحب آپکے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کا وقت آ گیا ہے ۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران نیازی کی نااہل ترین ثابت ہو چکی ہے ، منی بجٹ جو عوام پر لادا گیا ہے اس بارے میں اپوزیشن نے پہلے خبردار کردیا تھا ، ساڑھے تین سو ارب ٹیکسوں کے ساتھ عوام کی چیخیں نکلوائی جائیں گی ۔
ادھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ردعمل میں کہا کہ عمران صاحب آپ نے جو کرنا ہے کریں میڈیا پہ تشہیر نہ کریں۔