اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیرا عظم کو سارک سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت د یتے ہوئے کہا ہے کہ اگر نریندر مودی اسلام آباد نہیں آسکتے تو ویڈیو لنک کے ذریعے(ورچوئل) شریک ہوجائیں، پاک افغان سرحد پر طالبان کی جانب سے خاردار باڑ اکھاڑنے کے معاملے پر خاموش نہیں ہیں‘اس مسئلے کو سفارتی طور پر حل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔باڑ کی تنصیب جاری رہے گی‘شرپسند عناصر معاملے کو ہوا دینا چاہتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے خارجہ پالیسی اہداف 2021 کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت، اسلام آباد میں ہونے والی سربراہی کانفرنس میں شرکت نہیں کر سکتا تو کم از کم وہ دوسرے اراکین کو روکنے سے گریز کرے۔بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے سارک اپنی حقیقی صلاحیت کا ادراک کرنے میں ناکام رہا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بدقسمتی سے خطے میں پائیدار امن و استحکام کے امکانات اور اقتصادی ترقی کے وسیع امکانات اور علاقائی تعاون بھارت کے معاندانہ رویے کے باعث یرغمال ہو چکا ہے۔