لاہور(آصف محمود ) پنجاب حکومت اور خفیہ اداروں نے روسی نثراد خاتون کی طرف سے ملتان کے فائیو سٹار ہوٹل میں ہنگامے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ انتہائی معتبر ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ روسی خاتون کرسٹینا مرکیلووا سعودی ائیرلائن کی پرواز ایس وی 800 سے ملتان پہنچی ۔ کرسٹینا کے پاس پاکستان کا 15روزہ ویزہ تھا اور اس نے ملتان کے ایک فائیو سٹار ہوٹل میں قیام کے لئے کمرہ حاصل کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق کرسٹینا ایک بلاگر ہے جس کی ننکانہ کے رہائشی عبداللہ بیگ سےجو دبئی میں رئیل اسٹیٹ کا کام کرتا تھا ، ملاقات ہوئی جو آخر کار گہری دوستی میں بدل گئی۔ عبداللہ بیگ دبئی سے اسے بغیر بتائے پاکستان آگیا جس کو تلاش کرتے ہوئے کرسٹینا مرکیلووا بھی پاکستان پہنچ گئی۔ کرسٹینا کو یہ بتایا گیا تھا کہ ننکانہ صاحب ملتان کے قریب واقع ہے اس لئے وہ ملتان ائرپورٹ پر اتر ی اور اس نے عبداللہ بیگ کی تلاش شروع کر دی۔ کرسٹینا نے عبداللہ بیگ کے نہ ملنے پر ہوٹل میں شدید ہنگامہ کرکے پہلے ہوٹل ریسپشنسٹ کو مارا اور پھر ہوٹل کے شیشے توڑ دیئے۔