• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسجد گرانے کا حکم واپس نہیں ہوگا، کسی نے بنانی ہے تو اپنی جیب سے بنائے، سپریم کورٹ

مسجد گرانے کا حکم واپس نہیں ہوگا، سپریم کورٹ


اسلام آباد(نمائندہ جنگ) سپریم کورٹ نے کراچی کے طارق روڈ پر واقع مدینہ مسجد کو مسمار کرنے کے حکم پر نظر ثانی کرنے کی اٹارنی جنرل کی استدعا مسترد کردی ہے۔ 

چیف جسٹس نے کہا ہے کہ پارک سے تجاوزات گرانے کا حکم واپس نہیں ہو گاسندھ حکومت چاہے تو متبادل زمین دے سکتی ہے،ہم نے اپنے فیصلے واپس لینے شروع کیے تو اس سب کارروائی کا کیا فائدہ ہو گا؟

جسٹس قاضی محمد امین احمد نے کہا کہ زمینوں کے قبضے میں مذہب کا استعمال ہو رہا ہے، تجاوزات پر مسجد کی تعمیر غیر مذہبی اقدام ہے، اسلام اس اقدام کی اجازت نہیں دیتا ہے۔

کسی نے مسجد بنانی ہے تو اپنی جیب سے بنائیں۔عدالت نے سندھ حکومت سے تین ہفتوں کے اندر اندر رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 13جنوری تک ملتوی کر دی۔ 

چیف جسٹس گلزار احمد کی سر براہی میں3 رکنی اسپیشل بینچ نے منگل کو کیس کی سماعت کی۔ 

دوران سماعت اٹارنی جنرل نے مدینہ مسجد کو مسمار کرنے کے حکم پر نظر ثانی کی استدعا کرتے ہوئے مو قف اپنایا کہ عدالت سے درخواست ہے اپنے28 دسمبر کے حکم پر نظر ثانی کرے،کیونکہ عدالت کے اس حکم کی وجہ سے مذہبی تنائو جنم لے رہا ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ سندھ حکومت چاہے تو مسجد کے لیے متبادل زمین دے سکتی ہے۔

جس پراٹارنی جنرل نے مزید کہا کہ مسجد گرانے کے حکم سے بہت سے سوالات اٹھ رہے ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا اٹارنی جنرل صاحب، یہ پارک تو ہم نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے،جسٹس قاضی محمد امین احمد نے کہا کہ زمینوں کے قبضے میں مذہب کا استعمال ہو رہا ہے۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ جانتا ہوں یہ ریاست اور صوبائی حکومت کا فرض ہے کہ مسجد کیلئے زمین دے لیکن ہماری استدعا ہے کہ عدالت نے مسجد مسمار کرنے کا جو حکم دیا اسے واپس لیا جائے۔

جس پر فاضل چیف جسٹس نے ریما رکس دیئے اٹارنی جنرل صاحب ہم صرف اتنا کر سکتے ہیں کہ جب تک مسجد کی نئی جگہ نہ ملے تب تک اس کو نہ گرایا جائے۔

اٹارنی جنرل نے موقف اپنایا کہ اس کیس میں سندھ حکومت پارٹی نہیں ہے، بہتر ہو گا کہ پہلے سندھ حکومت سے مدینہ مسجد پر تفصیلی رپورٹ لے لیں،جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ یہ تو بہت گڑ بڑ ہو گئی۔

ہم اپنا آرڈر واپس نہیں لے سکتے ہیں، اس طرح کیا ہم اپنے سارے آرڈر واپس لے لیں؟جسٹس قاضی محمد امین نے کہاتجاوزات پر مسجد کی تعمیر غیر مذہبی اقدام ہے۔

اہم خبریں سے مزید