اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حقوق کراچی کے لئے جاری دھرنے کی حمایت کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو مشورہ دیا کہ وہ کراچی کی صورت حال کو سنبھالنے کے لئے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کریں کہ وہ جماعت اسلامی کراچی سے مذاکرات کریں۔ منصورہ سے جاری ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ کراچی اور سندھ یک جان دو قالب ہیں۔ کراچی سندھی، بلوچ، پختون، کشمیریوں اور پنجابیوں کا مشترکہ شہر اورمنی پاکستان ہے۔ پورٹ سٹی کو ترقی دیے بغیر سندھ ترقی کر سکتا ہے اور نہ پاکستان۔ حکومت سندھ ضد چھوڑے اور تحمل و بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوری ہونے کا ثبوت دے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت سندھ اور پیپلزپارٹی مذاکرات کا راستہ اختیار کرے اور محض اکثریتی جماعت ہونے کے ناطے کراچی کے تین کروڑ شہریوں کو ناراض نہ کرے۔