• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ایران کی چاول کی مانگ کو پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے‘ فخر امام

اسلام ااباد (خصوصی نمائندہ)وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام سے پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے ملاقات کی ہے۔ منگل کے روز اسلام آباد میں ہونیوالی ملاقات پاک۔ایران تعلقات بالخصوص زرعی شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر سید فخر امام نے ایران کی جانب سے زرعی برآمدات پر ہر قسم کے ٹیرف ختم کرنے کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی چاول ٗ آم ٗ پیاز ٗ ماہی پروری اور لائیو سٹاک سمیت مختلف زرعی اجناس کی برآمدات کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایران کی چاول کی مانگ کو پوری کرنے کی بھی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان سے متعدد زرعی مصنوعات درآمدات کرتا ہے ٗ ایران نے پاکستان سے 5 ہزار ٹن سٹرس فروٹس بھی برآمد کیا ہے۔ اس کے علاوہ ایران پاکستان سے چاول بھی درآمد کرتا ہے جبکہ مویشیوں ٗ گوشت اور ماہی گیری کے شعبے میں بھی کافی بڑی منڈی ہے۔ ایرانی سفیر نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ ان کا ملک پاکستان کو 104 میگاواٹ بجلی برآمد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ایران کے درمیان 900 کلو میٹر طویل سرحد ہے ٗ دونوں ممالک کو سرحد سے فائدہ اٹھا کر دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط و مستحکم کرنا چاہئے۔
اسلام آباد سے مزید