اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ( ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کے وزیراعظم کی امریکا میں کمپنیاں ہیں سپریم کورٹ معاملے کا نوٹس لے، کسی بھی فارن کمپنی سے پیسا لینا غیر قانونی ہے۔
اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ صرف 5 سال کی ہے، 2018 تک کے اکاونٹس کا معاملہ اربوں تک پہنچ جائیگا۔
مسلم لیگ (ن)کے سنٹرل سیکرٹریٹ میں مریم اورنگزیب، ڈاکٹر طارق فضل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کی 228صفحات پر مشتمل رپورٹ کی کاپی سرکای طور پر نہیں آئی۔
اکبر ایس بابر نے جو باتیں کیں اسکا ثبوت اس رپورٹ میں موجود ہے ، اکبر ایس بابر عام آدمی نہیں تھے وہ جانتے تھے یہ جماعت کیا کررہی ہے۔
پی ٹی آئی فنڈز سے غیر قانونی اقدام کررہی ہے وہ پی ٹی آئی کے مالی امور کو جانتے تھے جو تفصیلات پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کو دیں وہ جعلی ہیں دوسرے ممالک سے جو پیسے پاکستان آئے کیا وہ پاکستانی قوانین کے مطابق تھے، عمران خان نےالیکشن کمیشن کوکوئی ریکارڈ پیش نہیں کیا۔