لاہور (خبرایجنسیاں) مسلم لیگ ( ن ) کی نائب صدر مریم نواز نے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی فنڈنگ کے جرم میں عمران خان فوری طور پر استعفیٰ دیں،الیکشن کمیشن کا امتحان شروع ہوچکا ہے۔
اب عدلیہ کا بھی امتحان ہے جو نواز شریف کے کیسز میں تو دوڑ دوڑ کر فیصلے کررہے تھے، ہمارا تو اقامہ نکلا تھا، اب تو پوری چوری کی رپورٹ سامنے آگئی ہے۔
قانون کہتا ہے کوئی جماعت فارن فنڈنگ نہیں لے سکتی اور کوئی جماعت فنڈ لیتی ہے تو اس جماعت کوکالعدم قرار دیا جاتا ہے اور تحلیل کردیا جاتا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب صدر پاکستان مسلم لیگ ( ن ) نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے حوالے سے جو رپورٹ آئی ہے اس میں ہوش اڑا دینے والے حقائق ہیں ان حقائق نے عمران خان کے چہرے پر جو بچا کچا نقاب تھا وہ بھی کھینچ دیا ہے اور پورے پاکستان بلکہ پوری دنیا کو اس کا چہرہ واضح نظر آگیا ہے اس رپورٹ میں جو انکشافات ہیں جس سے قوم کا دماغ چکرا کر رہ گیا ہے۔
اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ پاکستان کی تاریخ کے اندر کسی سیاسی جماعت یا کسی سیاسی جماعت کے سربراہ اور کسی لیڈر کے خلاف اس قسم کے الزامات تو دور کی بات ہے بلکہ الزامات کی ناقابل تردید ثبوت سامنے آئے ہوں۔وزیراعظم عمران خان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ برانڈ کھل کر سامنے آچکا ہے اور اب جس طرح بھاگتے رہے ہیں۔
راہ فرار اختیار کرتے رہے ہیں اب اس کا موقع نہیں ملے گا۔الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق پی ٹی آئی کے 26 اکاؤنٹ تھے، جن میں سے 18 اکاؤنٹس فعال تھے۔
اس میں سے صرف 4 اکاؤنٹ الیکشن کمیشن میں ڈیکلیئر کیے ، انہوں نے صرف جھوٹ نہیں بولا بلکہ تحقیقات کو سبوتاژ کرنے کی پوری کوشش کی۔
عمران خان کہتے ہیں میں رپورٹ کا خیرمقدم کرتا ہوں اور چند وزرا کہتے ہیں سرخرو ہوئے، تو کس چیز میں سرخرو ہوئے، بھاگتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں 7 سال تک طاقت، دھونس اور دھاندلی کا استعمال کیا اور کیس کو آگے بڑھنے سے روک دیا، پھر جب پتہ چل گیا کہ ناگزیر ہوگیا ہے اور حقائق سامنے آئیں گے تو رپورٹ ریلیز نہ کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔