لاہور(جنگ نیوز، خبرایجنسیاں، مانیٹرنگ نیوز)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و ن لیگی صدر شہباز شریف نےکہاہےکہ عمران خان وزارت عظمیٰ کیلئے نااہل ہوچکے، عہدہ خود چھوڑدیں، غیرقانونی پیسہ لینے والے کااقتدار پر مزیدچمٹا رہنا ایٹمی ملک کیلئے نقصان دہ ہے۔جمعہ کو ن لیگ خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئےمسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی اسکرونٹی کمیٹی کی رپورٹ کے بعد قوم کو اصل چوری کا پتہ لگ گیا، عمران خان کا اقتدار پر مزیدچمٹا رہنا ملک کےلئے نقصان دہ ہے، آئین پاکستان اور قانون کے تحت کوئی چور اور جھوٹا وزیراعظم نہیں ہوسکتا، یہ آئین، قانون اور سیاسی اخلاقیات کا تقاضا ہے کہ چور اور جھوٹا ثابت ہو جانے والےعمران نیازی اپنے عہدے سے خود ہٹ جائیں اور استعفیٰ دے کر گھر جائیں، غیر ملکی افراد اور کمپنیوں سے غیرقانونی پیسہ لینے والے جوہری پاکستان کے لئے خطرہ ہیں، غیرقانونی فارن فنڈنگ کیس میں کسی مغربی ملک میں رپورٹ آتی تو وزیراعظم استعفیٰ دے چکا ہوتا۔