کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹرز مری کے سانحے پر رنجیدہ ہیں اور سوشل میڈیا پر متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کررہے ہیں۔ ماضی کے عظیم فاسٹ بولرشعیب اختر نے کہا کہ مری کی دل دہلا دینے والی ویڈیوز دیکھ کر بہت دکھ اور تکلیف ہوئی۔ اللّٰہ عوام کی حفاظت فرمائے، جبکہ حکومت اس موقع پر متاثرہ افراد کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرے۔ میری دعائیں اور نیک خیالات ان لوگوں کے ساتھ ہیں، جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھودیا ہے۔ وسیم اکرم نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ اُن کی فیملی بھی پورے پاکستان کی طرح سانحہ مری میں ضائع ہونے والی جانوں کے لیے دعا کر رہی ہے۔ مری میں غیر متوقع برفباری میں پھنس جانے والے خاندانوں کے مناظر دل دہلا دینے والے ہیں۔ ہم ایسی صورتحال میں زائد سیاحت کا استقبال کرنے کے لیے تیار نہیں تھے۔ سانحہ مری کو پاکستان کے لیے مکمل تباہی ہے۔فاسٹ بولر حسن علی نے کہا کہ کہا کہ مری میں انتقال کرجانے والے افراد کی میت کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنا بند کریں۔ جو کچھ ہوا اسے روکا جا سکتا تھا۔ میرا دل ان خاندانوں کے ساتھ ہے جنہوں نے اپنی قیمتی جانیں ضائع کیں، اللّٰہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے۔ فاسٹ بولر جنید خان نے کہا کہ دھواں وہیں سے اٹھتا ہے، جہاں پر آگ لگی ہو۔ مری سے متعلق ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ہم اور آپ چند پوسٹس شئیر کرکے اور لیڈرز ایک تعزیتی ٹوئٹ کرکے سو جائیں گے۔