راولپنڈی،اسلام آباد،کاٹلنگ(نمائندگان جنگ)سانحہ مری،جاں بحق افرادآبائی علاقوں میں سپردخاک،جنازے اٹھنے پرکہرام،صادق آباد کی فیملی کے 6افرادکی نمازجنازہ شہبازشریف پارک، اے ایس آئی نویدکی تلہ گنگ میں اداکی گئی ،ہزاروں افرادنے شرکت کی۔ سانحہ مری میں صادق آبادراولپنڈی کے ایک گھر پر قیامت ٹوٹ پڑی اور ایک ساتھ 6جنازے اٹھنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا،کری روڈ صادق آباد کے رہائشی ایک ہی خاندان کے 6 افراد لقمہ اجل بن گئےجن میں گھر کا سربراہ محمد شہزاد عمر 46 سال،ان ی اہلیہ صائمہ شہزاد عمر 35 سال ، دو بیٹے حبیب اللہ عمر 10 سال، سمیع اللہ عمر 8 سال اور دو بیٹیاں عائشہ شہزاد عمر 12 سال اور اقراء شہزاد عمر 14 سال شامل ہیں،جن کا نماز جنازہ گزشتہ روز دن 2 بجے شہباز شریف پارک راول روڈ کی پارکنگ میں ادا کیا گیا،نماز جنازہ میں عزیز و اقارب اور اہلیان علاقہ سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی،نماز جنازہ میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے نارکوٹکس کنٹرول شیخ راشد شفیق،سابق ایم این اے حنیف عباسی،راجہ حنیف،حاجی امجد اور جماعت اسلامی کے رہنما رضا احمد شاہ سمیت مقامی یونین کونسلوں کے چیئر مینوں، مقامی سیاسی عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ نماز جنازہ کے شرکا نے وزیر داخلہ شیخ رشید اور متوفیان کی رہائشی یونین کونسل سے منتخب ہونے والے صوبائی وزیر کی نماز جنازہ میں عدم شرکت پر کڑی تنقید کی ، شہزاد مرحوم اور ان کے اہل خانہ کی نماز جنازہ کے بعد ان کی میتیں تدفین کیلئے آبائی علاقے ماڈل ٹاؤن سہالہ منتقل کر دی گئیں۔جبکہ اے ایس آئی نوید اقبال سمیت خاندان کے 8افراد کی نماز جنازہ چکوال کی تحصیل تلہ گنگ کے موضع دودیال میں ادا کر دی گئی۔نماز جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات،ضلعی انتظامیہ سمیت اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ایک ہی خاندان کے 8افراد کے جنازے جب ان کے گھر سے اٹھائے گئے تو کہرام مچ گیا۔اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔تمام افراد کو نماز جنازہ کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔نماز جنازہ میں صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر، سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، سابق ضلع ناظم سردار غلام عباس،سابق ضلع چیئرمین ملک طارق ڈھلی،سابق ممبر صوبائی اسمبلی ملک شہر یار اعوان،ڈی سی او چکوال،ڈی پی او چکوال اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ،ڈی ایس ہی تلہ گنگ، ایس ایچ او تھانہ صدر سمیت ہزاروں لوگوں نے شرکت کی،ادھرمری میں جاں بحق مردان کے چاروں دوستوں کو سپرد خاک کر دیا گیا ، دو نوجوانوں اسد اور بلال کی نماز جنازہ تازہ گرام ، سہیل کی میاں عیسیٰ جبکہ بلال حسین کی گائو ں چرچوڑ میں ادا کی گئی۔