کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) سی ٹی ڈی کی مشرقی بائی پاس پر کارروائی فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے چھ دہشتگرد ہلاک بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں داعش کا مقامی کمانڈر بھی مارا گیا جس کی سرکی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر تھی یہ دہشتگرد کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز ، اور اہم تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے ۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی حکام کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں نے کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز اور اہم تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کی ہے ،اس مقصد کیلئے کالعدم تنظیم داعش کے اہم مقامی کمانڈر اصغر مشرقی بائی پاس پر ایک کمپاؤنڈ میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ موجود ہے جس پر سی ٹی ڈی ٹیم نے ہفتہ کی شب مشرقی بائی پاس کیو ڈی اے گراؤنڈ کے قریب ایک مکان کو گھیر ے میں لیا اسی دوران مکان میں موجود دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی کی ٹیم کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی جوابی فائرنگ میں داعش کے مقامی اہم کمانڈر سمیت چھ دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔