شوبزنس کی رنگین دُنیا میں اِن دنوں شادیوں کا موسم ہے، اس موقع پر کہیں نئی نسل کے سپر اسٹارزقوالی نائٹ کا اہتمام کررہے ہیں، تو کہیں ڈھولک کی تھاپ پر شادی بیاہ کے گیت گائے جارہے ہیں۔ ٹیلی ویژن کی اسکرین پر راج کرنے والی فن کارائیں، حِبا بخاری، مریم انصاری، صبور علی،اریبہ حبیب اور اداکار علی انصاری کی شادیوں کے خُوب چرچے ہورہے ہیں۔ کچھ کی شادی کی تقریبات اختتام پزیر ہوگئی ہیں، تو کچھ فن کاروں کی خوشی بھرے پروگراموں کا ابھی آغاز ہوا ہے۔
کورونا کی وَبا کے دوران بھی درجنوں فن کاروں نے آپس میں شادیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ فن کاروں کی آپس کی شادیاں کچھ کام یاب اور کچھ مسائل کا شکار ہونے کے بعد ناکام ہوجاتی ہیں۔ ویسے زیادہ تر شادیاں کام یاب ہوئی ہیں اور درجنوں فن کار خوش گوار ازدواجی زندگی بسر کررہے ہیں۔
فلم اور ٹیلی ویژن کی نامور اداکارہ سجل علی اور اَحد رضا میر کی شادی کام یابی سے چل رہی ہے، اسی طرح نِدا اور یاسر کی جوڑی کو بھی بے حد پسند کیا گیا، فاطمہ آفندی اور کنور ارسلان، اقراء عزیز اور یاسر حسین کی طرح دیگر مشہور فن کاروں کی ازدواجی زندگی ہنسی خوشی گزر رہی ہے۔ چند ایک شادیاں کام یاب نہیں ہوئیں، جیسے سائرہ اور شہروز، مُحب مرزا اور آمنہ شیخ وغیرہ کی ازدواجی زندگی کو کسی کی نظر لگ گئی تھی ، دونوں کے بچے بھی ہوئے، پھر بھی شادی کی ٹرین آگے نہ چل سکی۔
ڈراموں میں کام کرنے والے نئی نسل کے فن کار اپنے عُروج کے زمانے میں شادیاں کررہے ہیں۔ ماضی میں ایسا بالکل نہیں ہوتا تھا۔ ڈرامے کی ہیروئن درجنوں ڈراما سیریل میں کام کرکے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے کے بعد بھی شادیاں نہیں کرتی تھیں اور اگر کچھ اداکارئیں شادی کرلیتی تھیں، تو اسے خفیہ رکھتی تھیں۔ اب رنگین دنیا کے حالات بدل گئے ہیں۔ ٹیلی ویژن ڈراموں میں مختلف کرداروں سے شہرت حاصل کرنے والی فن کارائیں گھر بسانے کو ترجیح دے رہی ہیں، اس سے ان کے شوبزنس کیریئر پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔
نئی نسل کی پسندیدہ اداکارہ سجل علی نے گھر بسایا، تو ان کی فن کارہ بہن صبور علی نے بھی شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا اور وہ بھی اپنے ساتھی فن کار علی انصاری کے ساتھ۔، ان دونوں ستاروں کی خوشیاں بھری تقریات شروع ہوچکی ہیں، البتہ نکاح رواں ماہ کے آخر میں ہوگا۔ اداکارہ صبور علی نے دو فلموں کے علاوہ درجنوں ڈراموں میں چھوٹے بڑے کرداروں سے ناظرین کی توجہ حاصل کی۔ صبور علی نے ہدایت کار نبیل قریشی کی سپرہٹ فلم ’’ایکٹر ان لاء‘‘ میں مختصر، مگر عمدہ کردار نبھایا۔
ان کے مقبول ٹیلی ویژن ڈراموں میں چھوٹی سے کہانی، کتنی گرہیں باقی ہیں، بنٹی آئی لو یو، میری عنایہ، رنگ لاگا، تیرے در پر، بے قصور، تیری چاہ میں، عاشق کالونی، وصال، میرے خدا، حقیقت، فطرت، امانت اور حال ہی میں سپرہٹ ہونے والی سیریل ’’پری زاد‘‘ شامل ہیں۔ صبور علی نے مختصر کرداروں کے ساتھ لیڈنگ رول بھی کیے۔ ان کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے، لیکن صبورعلی اورسجل علی، ان دونوں بہنوں نے اپنا شوبز کیریئر کراچی سے شروع کیا اور ڈراما انڈسٹری میں اپنی پہچان بنائی۔ اسی طرح ان کے ہونے والے شریک حیات اور نئی نسل کے فن کار علی انصاری نے نہایت قلیل عرصے میں مقبولیت حاصل کی۔ گزشتہ برس کے سپر ہٹ ڈرامے ’’رنگ محل‘‘ میں علی انصاری کو ابھرتی ہوئی سپر اسٹار سحر خان کے ساتھ بے حد پسند کیا گیا۔
علی انصاری کے دیگر قابل ذکر ڈراموں میں رفعت آپا کی بہن، تیری میری جوڑی، اس خاموشی کا مطلب، سایہ دیوار بھی نہیں، گھر تتلی کا پر، بابا جانی، سیرت، شاہ رخ کی سالیاں، کم ظرف، محبت نہ کریو، مکافات، مہلت اور بےباک شامل ہیں۔ علی انصاری اور صبور علی کی جوڑی کو بے حد پسند کیا جارہا ہے۔ ان کی شادی کی تقریبات کئی روز سے جاری رہیں، جس میں فن کاروں کی بڑی تعداد شرکت کررہی ہے۔علی انصاری کی بہن مریم انصاری بھی شوبزنس میں اپنی منفرد پہچان رکھتی ہیں۔
ٹیلی ویژن نگری کی سپر اسٹارحِبا بخاری کو کون نہیں جانتا،سپر ہٹ ڈرامے فتور، تڑپ اور دیوانگی میں ان کی شان دار کردار نگاری کو ٹیلی ویژن ناظرین کیسے فراموش کرسکتے ہیں۔ ان کی شادی آریز احمدکے ساتھ ہورہی ہے۔ اس سلسلےمیں رنگا رنگ تقریبات کا آغاز ہوچکا ہے۔ حبا بخاری کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹا گرام پر اپنی چند خُوب صورت تصاویر بھی شیئر کی گئی ہیں، جن میں وہ سرسوں کے رنگ کی خُوب صورت فراک اور پھولوں کا زیور پہنے نظرآرہی ہیں۔ آریز احمد کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر اُن کی مہندی کی رسم سے لی گئی ہیں، جس میں یہ خُوب صورت فن کار جوڑی چہرے پر ابٹن اور ہاتھوں میں مہندی لگائے بیٹھی ہوئے ہیں۔
پاکستان کی فیشن انڈسٹری کی تاریخ جب بھی لکھی جائے گی، مورخ فریحہ الطاف کا نام اور کام نظرانداز نہیں کرسکے گا۔ فریحہ الطاف نے فیشن انڈسٹری میں ان گنت فن کاروں اور ماڈلز کومتعارف کروایا۔ چند برس قبل انہوں نے اریبہ حبیب نامی ایک خُوب صورت ماڈل کو فیشن انڈسٹری میں متعارف کروایا تھا، اریبہ حبیب نے چند برسوں میں فیشن اور ڈراموں میں کام کرنے کے بعد گزشتہ دنوں رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئیں۔
اریبہ حبیب نے ابتدا میں فیشن شوز اور ٹی وی کمرشلز میں ماڈلنگ کرکے اپنی شناخت بنائی اور پھر وہ ٹیلی ویژن ڈراموں کی جانب آگئیں۔ انہوں نے کم عرصے میں ٹی وی ڈراموں کے سپر اسٹار دانش تیمور، اظفر رحمن، عماد فاروقی کے مدِمقابل یادگار کردار نبھائے۔
ان کے مقبول ڈراموں میں، کوئی چاند رکھ، قدم قدم عشق، جانباز، ایک گناہ اور سہی اور سپر ہٹ ڈراما سیریل ’’جلن‘‘ شامل ہیں۔ اریبہ حبیب نے جو کردار چھوٹی اسکرین پرادا کیا ، اس میں حقیقت کا رنگ بھرنے کی کوشش کی ۔ ان کی شادی کی تقریبات شان دار انداز میں منعقد ہوئیں۔ شوبزنس کے شہرت یافتہ فن کاروں نے اپنی ساتھی فن کارہ کی خوشیوں میں بڑی تعداد میں حصہ لیا، بلکہ یوں کہہ لیجیے کہ اربیہ کی شادی میں فن کاروں نے میلہ لگایا۔
ایک جانب فریحہ الطاف درجنوں ماڈلز کےساتھ سیلفیاں بنوارہی تھیں، تودوسری جانب فاطمہ آفندی، کنور ارسلان، شہرزو سبزواری، صدف کنول، اقرا عزیز اور یاسر حسین بھی فیشن فوٹو گرافرز کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے تھے۔ اس موقع پر تمام فن کاروں کے چہرے خوشی و مسرت سے چمک رہےتھے، ایک اچھی بات یہ دیکھنے میں آئی کہ فن کار اسکرین پرایک دوسرے سے مقابلہ کرتے دکھائی دیتے ہیں، لیکن اپنے ساتھی فن کاروں کی شادی میں دل سے شرکت کرتے ہیں۔ اپنی شادی کے موقع پر منعقدہ قوالی نائٹ میں اریبہ حبیب نے دپیکا اور انوشکا کی نقل کی۔ ’’قوالی نائٹ‘‘ پر پہنی گئی مخملی ساڑھی کے سوشل میڈیا پر خُوب چرچے ہوئے۔ ساتھی فن کاروں کا کہنا ہے کہ اریبہ حبیب کی شادی کی تقریبات مدتوں یاد رکھی جائیں گی۔
کرکٹر اور فن کاروں کا ساتھ ہمیشہ رہا ہے ، کرکٹ کے کھلاڑیوں نے فن کاروں سے شادیاں کیں۔ پاکستان کے سابق کرکٹر سرفرازنواز نے پاکستانی فلموں کی سپراسٹار رانی سے شادی کی، اسی طرح بھارتی اداکارہ رینا رائے نے پاکستان کے کرکٹرمحسن حَسن خان سے شادی کی۔ بات اب آپس کی شادیوں سے نِکل کر دوسری نسل تک پہنچ گئی ہے۔ 92ء کے ورلڈ کپ کے شہرت یافتہ وِکٹ کیپر اور اسٹار کرکٹرمعین خان نے اپنے صاحب زادے اویس خان کی شادی ٹیلی ویژن ڈراموں کی مقبول اداکارہ مریم انصاری سے کی۔
مریم انصاری کی شادی کی تقریبات کے مختلف حصے تھے ، اویس خان اور مریم انصاری کا نکاح گزشتہ سال فروری میں ہواتھا، جب کہ رخصتی اور دیگر تقریبات گزشتہ دسمبر کے آخری ہفتے میں منعقد ہوئیں۔ مریم انصاری کو ہم نے ابتداء میں تھیٹرپر کام کرتے ہوئے دیکھا تھا، بعدا زاں انہوں نے متعدد ٹیلی ویژن ڈراموں اور چند فلموں میں اداکاری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے فلم ہلہ گلہ، مالک، عشق 2020 اور کشمیر کے موضوع پر بننے والی فلم ’’آزادی‘‘ میں عمدہ کردار نگاری کی۔ ان کے مقبول ٹیلی ویژن ڈراموں میں بنٹی آئی لو یو، ایک پل، شناخت، اگر تم نہ ہوتے، تکبر، تیرے میرے بیچ، بے عیب، دل لگی، آنگن، بھرم اور دوسری ڈراما سیریل شامل ہیں۔
گزشتہ ہفتے سال کے آغاز پر لاہور میں فن کاروں کا میلہ اس وقت دیکھنے میں آیا، جب پاکستانی فلموں کے ہیرو معمر رانا کی صاحب زادی کی منگنی کی رسم ادا کی گئی، جب کہ دوسری جانب معروف ڈراما نگار اور فلم ڈائریکٹر خلیل الرحمن قمر کے صاحب زادے کی شادی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ معمر رانا کی صاحب زادی کی رسمِ منگنی میں فلمی ستاروں نے بھرپور تعداد میں شرکت کی۔ نامور اداکار شان، صاحبہ، ریمبو، سید نور، صائمہ اور ریما نے اپنے شوہر ڈاکٹر شہاب کےساتھ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ایسا محسوس ہورہا تھا جیسے پاکستانی فلموں کا پُرانا زمانہ واپس آگیا ہو۔
خوشیوں، چاہتوں اور محبتوں کے ساتھ سب ایک دوسرے سے مل رہےتھے۔ فلمی صحافی بھی بہت فعال نظر آئے۔ اس موقع پر معمر رانا نے اپنی فلمی ہیروئن صائمہ نے ساتھ ٹھمکے بھی لگائے۔ دوسری تقریب خلیل الرحمن قمر کے بیٹے کی شادی کی تھی، جس میں نئی نسل کے فن کاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
واضح رہے کہ آہستہ آہستہ شوبزنس کی تقریبات رنگ بکھیر رہی ہیں، کورونا نے رکاوٹیں نہیں ڈالی تو، ہم سب پھر سے وہی زندگی کی جانب لوٹ جائیں گے، جو تین چار سال قبل تھی، جن فن کاروں کی شادیاں ہوئی ہیں، میرا رب اسے کام یاب بنائے اور سب ہنسی خوشی زندگی گزاریں۔