کراچی (پی پی آئی) کراچی کے شہریوں کا انتظار ختم ہوا، گرین لائن بس سروس کا آغاز ہوگیا، بس سروس اب دن میں 4؍ گھنٹے نہیں بلکہ 15؍ گھنٹے رواں دواںہوں گی،21کلو میٹر ٹریک پر بسیں صبح 7سے رات 10تک سرجانی تا نمائش 80؍ بسیں تمام اسٹیشنوں پر اسٹاپ کیا کریں گی،کرایہ 15سے 55 روپے رکھا گیا ہے۔ کھڑے ہوکر اور بیٹھ کر ڈیڑھ سو مسافر سفر کریں گے۔ گرین لائن کے ٹکٹ اسٹیشنوں پر ڈیبٹ کارڈز ،موبائل والٹ سے بھی خریدنے کی سہولت بھی ہوگی۔ پی پی آئی کے مطابق گرین لائن بس سروس کراچی کے شہریوں کو اب دن بھر سفری سہولت فراہم کرے گی،گرین لائن بس سروس پیرسے محدود اوقات کار کے بجائے صبح 7 بجے سے رات 10بجے تک سرجانی تا نمائش رواں دواں رہے گی80بسیں تمام اسٹیشنوں پر اسٹاپ کیا کریں گی۔ گرین لائن کے ٹکٹ اسٹیشنوں پر ڈیبٹ کارڈز اور موبائل والٹ سے بھی ٹکٹ خریدے جاسکتے ہیں، اگلے مرحلے میں مصروف اسٹیشنوں پر ٹیلر مشینیں بھی نصب ہوں گی جہاں سے شہری قطاروں میں لگے بغیر اپنے موبائل والٹ، بینک اکاؤنٹ یا نقد رقم دے کر ٹکٹ خرید سکیں گے۔ کراچی میں ریپڈ ٹرانزٹ بس منصوبے کے تحت 5؍ روٹس کی منصوبہ بندی 2014ء میں شروع کی گئی تھی اور پہلی گرین لائن کا تعمیراتی کام 2016ء میں شروع ہوا تھا۔ ابتدائی منصوبے کے مطابق گرین لائن کا روٹ سرجانی ٹاؤن سے بزنس ریکارڈر روڈ تک تھا اور منصوبے کو 6؍ ارب روپے کی لاگت سے مکمل کرنا تھا تاہم بعد ازاں منصوبے کے روٹ کو پہلے جامع کلاتھ اور پھر ٹاور تک بڑھا دیا گیا۔ اس طرح منصوبے کی لاگت بھی 27؍ ارب روپے سے بڑھ گئی۔گرین لائن کے روٹ پر 22؍ اسٹاپس بنائے گئے ہیں اور ان بس اسٹاپس پر مسافروں کے لیے لفٹس، بزرگ اور خصوصی افراد کے لیے ویل چیئر ریمپ بنائے گئے ہیں۔