راولپنڈی(خبر نگار خصوصی)راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ سے 53ملازمین کو ملازمت سے نکال دیا گیا راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے شعبہ گارڈرن میں گزشتہ 6سال سے کام کرنیو الے چھوٹے ملازمین کو نوکریوں سے نکال کر ان کی جگہ نئی بھریتاں کر لی گئیں ہیں۔ متاثرہ ڈیلی ویجز ملازمین کا کہنا ہے کہ ہمیں بغیر کسی وجہ کے نوکریوں سے برخاست کیا گیا ، ہم کنٹونمنٹ بورڈ میں6 سال سے ڈیلی ویجز پر کام کر رہے ہیں ،نوکریوں پر بحال کیا جائے ۔ برخاست کئے گئے ملازمین نے کہا کہ کینٹ بورڈ میں افسران کی جگہ ہے لیکن غریب مزدور کے لئے کوئی جگہ نہیں۔ جو ڈیلی ویجز ملازمین افسران کے ساتھ ڈیوٹیاں کر رہے ہیں ان کو نوکریوں پر رکھا ہوا ہے اور جوسٹرکوں پر پودے لگا کرکینٹ کو خوبصورت بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ان کو 6سال کام کروا کر اب نوکریوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سی او سے ملاقات نہیں کروائی جا رہی۔ ہمیں نوکریوں پر بحال نہ کیا گیا توکنٹونمنٹ بورڈ کے سامنے اہل خانہ کے ساتھ احتجاج کریں گے۔ اس حوالے سے سیکرٹری کینٹ بورڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ڈیلی ویجز ملازمین کو ڈینگی کے سیزن کے لئے رکھا گیا تھا، ہم نے ان تمام ملازمین کو مارچ میں دوبارہ نوکریوں پر بلانے کا کہا ہے، ڈیلی ویجز ملازمین جس دن ڈیوٹی کرتے ہیں ان کو اس دن کی اجرت دے دی جاتی ہے۔