پشاور (لیڈی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات و سابقہ ممبر صوبائی اسمبلی مہر سلطانہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ موجودہ نا اہل و سلیکٹڈ حکومت سے نجات کیلئے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے لانگ مارچ کا اعلان خوش آئند ہے جو جمہوری طریقے سے نالائق حکمرانوں کو گھر بھیجنے کا ذریعہ بنے گا ۔ انہوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے کسان مارچ کا اعلان کیا گیا ہے جو موجودہ مشکل دور میں کسانوں اور مجبور عوام کی حقیقی معنوں میں ترجمانی ہے کیونکہ ملک کا ہر طبقہ موجودہ حکومت سے تنگ آچکا ہے اور عوام چاہتے ہیں کہ موجودہ نا اہل حکمر انوں کو گھر بھیجا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے انتخابات سے قبل کہا تھا کہ وہ خودکشی کرلینگے مگر آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے تاہم اب ہر مہینے آئی ایم ایف کی ایماء پر عوام پر مہنگائی کے ڈرون حملے کئے جاتے ہیں ۔ مہر سلطانہ ایڈووکیٹ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ میں بھر پور طریقے سے شامل ہو جائیں اور مارچ کو کامیاب بنائیں تاکہ موجودہ حکمرانوں کو جمہوری طریقے سے گھر بھیجا جائے اور پاکستان پیپلز پارٹی بر سر اقتدار آکر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے کیونکہ پیپلز پارٹی میں ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت موجود ہے اور عوام کو ماضی کی طرح ایک بار پھر روٹی ‘ کپڑا اور مکان فراہم کرے اور عوام کی زندگیوں میں پھر سے خوشحالی آجائے ۔